• news

کراچی: پرتشدد واقعات، 5 افراد جاں بحق ، سکول میں دھماکہ، سکیورٹی ہائی الرٹ

کراچی (این این آئی) شہر قائد میں فائرنگ اور مختلف حادثات و واقعات میں 5 افراد جاں بحق ہو گئے۔ واقعات کے مطابق گلستان جوہر میں رہائشی عمارت نعمان ایونیو کی لفٹ گرنے سے ایک شخص جاںبحق جبکہ 2 افراد شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لئے جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ سہراب گوٹھ کے علاقے سپرہائی وے انڈس کالونی میں تلخ کلامی کے بعد وزیر علی نے اپنی اہلیہ 19سالہ زینت بی بی کو گولی مارکر قتل کر دیا۔ پی آئی بی کالونی کے علاقے عیسیٰ نگری میں تیز رفتار گاڑی کی زد میں آکر 25سالہ شمعون ولد بشیر احمد ہلاک ہوگیا۔ متوفی کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ لیاری کے علاقے نوالین آزاد ہسپتال کے قریب مسلح افراد نے 22سالہ بلوچ نوجوان کو گولیاں مارکر قتل کردیا تاہم نوجوان کی شناخت نہیں ہوسکی۔ مومن آباد تھانے کی حدود اردو چوک برف کے کارخانے کے قریب مسلح افراد نے ڈکیتی مزاحمت پر ایک شخص گولی مارکر زخمی کر دیا۔ رات گئے گارڈن کے علاقے عثمان آباد غوث آباد میں دستی بم پھٹنے سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔ عائشہ منزل کے قریب پرائیویٹ سکول میں کلاسز کے دوران سکول کے احاطے میں زوردار دھماکہ ہوا۔ دھماکے کے بعد سکول انتظامیہ نے ریسکیو اور پولیس کو طلب کرلیا تاہم دھماکے کی وجہ معلوم نہ ہوسکی۔ دھماکے سے سکول کے بچوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ دریں اثناء پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کر کے 37 جرائم پیشہ عناصر کو گرفتار کر لئے۔ تفصیلات کے مطابق شہر میں دہشت گردوں نے جمعرات کے روز فائرنگ کر کے عوامی نیشنل پارٹی کے عہدیدار سمیت 10افراد کو قتل کر دیا تھا جس کا مقدمہ درج کرنے کے بعد پولیس حرکت میں آگئی اور ایس ایس پی ویسٹ عرفان بلوچ کی سربراہی میں جمعہ کی صبح پولیس نے اورنگی ٹاؤن ایم پی آر کالونی میں چھاپہ مار کا رروائی کر کے ایک افغانی سمیت 3افراد کو گرفتار کر کے تفتیش کیلئے نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا۔ ذرائع کے مطابق ملزموں سے عوامی نیشنل پارٹی کے 3عہدیداروں سمیت 5افراد کے قتل کی چھان بین کی جا رہی ہے۔ صبح سویرے شرافی گوٹھ پولیس نے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر 28ملزموں کو حراست میں لے لیا۔ صبح ملیر میں ایک حساس ادارے نے پولیس کے ہمراہ کارروائی کر کے ٹارگٹ کلر عامر عرف مرچی کو گرفتار کر کے 2ایس ایم جی اور ایک پستول بر آمد کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کا تعلق گینگ وار سے ہے۔ علاوہ ازیں شمالی وزیرستان میں پاک فضائیہ کے جیٹ طیاروں کی دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر بمباری کے بعد کسی بھی ممکنہ ردعمل سے بچنے کیلئے کراچی میں سکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا، نماز جمعہ کے اوقات میں بھی مساجد کی سکیورٹی بھی انتہائی سخت رہی جبکہ اہم سرکاری اور غیر سرکاری عمارتوں پر سکیورٹی اہلکاروں کی تعداد کو بڑھا کر انہیں چوکنا رہنے کے احکامات دئیے گئے تھے جبکہ شہروں کے داخلی اور خارجی راستوں پر گاڑیوں کی جامع تلاشی لی جاتی رہی۔ اہم عمارتوں سمیت سندھ سیکریٹریٹ عمارت میں سیکورٹی ہائی الرٹ کردی گئی۔ بلڈنگ کے اطراف میں مزید رکاوٹیں کھڑی کرکے آنے جانے والی گاڑیوں اور راہگیروں پر کڑی نظر رکھی گئی۔ علاوہ ازیں کراچی انٹر نیشنل ایئر پورٹ کی سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ اندورن اور بیرون ملک جانے والے مسافروں کے سامان کی سکریننگ کی جا رہی ہے اور سکائی مارشل کے گشت میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے۔ ایئر پورٹ کے لین ون پر وی آئی پی سمیت تمام گاڑیوں کی انٹری بند کر دی گئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن