• news

2گروپوں میں اختلافات، گوجرہ ہاکی گراؤنڈ کھلاڑیوں کیلئے بند

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کے قومی کھیل ہاکی کو متعدد اولمپئن مہیا کرنے والے تاریخی گراؤنڈ کو اپنے ہی کھلاڑیوں کے لئے بند کر دیا گیا ہے۔ کھلاڑی گراؤنڈ کی بجائے سڑکوں پر پریکٹس کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ گوجرہ میں ہاکی کے دو گروپوں کے درمیان اختلافات کی بناء پر گذشتہ دنوں پاکستان ہاکی ٹیم کے گول کیپر عمران شاہ کو گورنمنٹ کالج کی گراؤنڈ میں پریکٹس کرنے سے روک دیا گیا۔ پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم کے کوچ دانش کلیم نے پی ایچ ایف کے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بدقسمتی کی بات ہے کہ گوجرہ جیسی تاریخی ہاکی گرائونڈ جس نے ہاکی کے متعدد اولمپئن کھلاڑی پیدا کیے کو ہاکی کی سرگرمیوں کے لئے بند کردیا گیا ہے۔ منظور الحسن اور اقبال بالی نے گرائونڈ کو تالے لگوا دیئے۔ گول کیپر عمران شاہ کا کہنا ہے کہ امید ہے کہ معاملہ جلد حل ہو جائے گا۔ میرا کام سیاست سے بالا تر ہو کر قومی کھیل کی ترقی کے لئے محنت کرنا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن