• news

ایشیا کپ میں کوئی ٹیم آسان نہیں ‘ اچھی کارکردگی دکھائیں گے : مصباح الحق

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصبا ح الحق کاکہناہے کہ ایشیا کپ میں بہتر کارکردگی دکھانے والی ٹیم ہی کامیاب ہو گی۔ ٹورنامنٹ کے لئے اعلان کردہ قومی ٹیم بیلنس ہے کامیابی حاصل کرنے کے لئے سخت محنت کرنا ہوگی۔ ایشیا  کپ کے لئے  لگائے گئے قومی کرکٹ ٹیم کے تربیتی کیمپ کے اختتام پر گزشتہ روز قذافی سٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصباح الحق کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ میں حصہ لینے والی تمام ٹیمیں اچھی ہیں اور ایک طرح  ہی کی کنڈیشنز میں کھیلنے کی عادی ہیں اس لئے ٹورنامنٹ ٹف ہو گا۔ پاکستان کی ٹیم بھی بیلنس ہے مگر ایشیا کپ میں کسی کو بھی ٹیم آسان نہیں لیاجاسکتا ۔انھوں نے کہا کہ ایونٹ کی ہر ٹیم فیورٹ ہے اور ہوم گروانڈ کا فائدہ لیتے ہوئے میزبان بنگلہ دیش بھی اپ سیٹ کر سکتی ہے ۔ قومی ٹیم بھی زبردست  فارم میں ہے اور تمام کھلاڑی اچھی کرکٹ کھیلتے رہے ہیں اس ضمن میں باؤلرز کے ساتھ ساتھ گزشتہ سیریز میں  بیٹنگ نے بھی اچھی کارکردگی دکھائی تھی۔ پوری ٹیم کی بہتر کارکردگی سے ہی  میچ جیتا جا سکتاہے اور ایشیا کپ میں  وہی ٹیم جیتے  گی جو میچ  کے دن بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں کامیاب ہو گی۔  ناصر جمشید آئوٹ آف فارم  ہیں جس کی  بنا پر شرجیل کو قومی سکواڈ کا حصہ بنایاگیا اور ان سے کافی توقعات ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند سیریز میں بلاول بھٹی، انور علی اور شاہد آفریدی اچھی کارکردگی دکھا رہے ہیں اور لوئر مڈل آرڈر نے ہمیں چند میچ بھی جتوا ئے ہیںاس حوالے سے کوئی پریشانی نہیں۔اس حوالے سے انٹرنیشنل کرکٹ کا دبائو ہر کھلاڑی پر ہوتا ہے لیکن پروفیشنل کھلاڑی اس دبائو کا سامنا کرنے کے لئے تیار ہوتے ہیں ۔ قومی ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ بارے مصباح الحق نے کہا کہ وہ بطور مینجر ٹیم کے ہمراہ تھے اور کھلاڑیوں کی کمزوریوں اور ضرورتوں سے بخوبی آگاہ ہیں اور کھلاڑی بھی ان سے مانوس ہیں لہذا ان کے ٹیم کے ساتھ آنے سے زیادہ فرق نہیں پڑے گا۔ اپنی ریٹائرمنٹ بارے سوال پر مصباح الحق نے کہا کہ لوگوں کو میرے کرکٹ چھوڑنے بارے فکر رہتی ہے لیکن انٹرنیشنل کرکٹ چھوڑنے بارے میرا اپنا پلان ہے ۔ فی الحال پورے شوق سے کرکٹ کھیل رہا ہوں ۔انہوں نے کہاکہ ہماری کوشش ہوتی ہے کہ بائولنگ کے  شعبے کو مضبوط بنانے کے لئے روٹیشن کی پالیسی اپنائیں تاکہ کسی بائولر پر زیادہ بوجھ نہ پڑے اور اسے انجری نہ ہو۔

ای پیپر-دی نیشن