• news

چین کے تعاون سے توانائی بحران سے نمٹنے میں مدد ملے گی: صدر ممنون

شنگھائی (آن لائن) صدر مملکت ممنون حسین نے پاک چین توانائی کے منصوبوں پر جلدازجلد عملدرآمد پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ چین کے ساتھ توانائی کے شعبے میں  تعاون سے ملک میں توانائی کے بحران سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایگزیکٹو نائب میئر آف شنگھائی تو گوانگ ساؤسے ملاقات کے دوران گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ شنگھائی میگاسٹی آمد پر صدر مملکت کا خیرمقدم کرتے ہوئے نائب میئر نے کہاکہ صدرکے پہلے سرکاری دورے سے دونوں ممالک کے درمیان کثیرالجہتی تعاون مستحکم ہوگا اور اسکے ساتھ ساتھ دوجڑواں شہروں شنگھائی اورکراچی کو مزید قریب لانے میں مدد ملے گی۔ اس موقع پر صدر ممنون حسین نے اس امرپر خوشی کا اظہار کیاکہ شنگھائی اورکراچی اپنے قیام کی 30 ویں سالگرہ منا رہے ہیں اورکراچی کا رہائشی ہونے کے ناطے وہ اس پُرمسرت موقع پر شنگھائی آکر بہت خوشی محسوس کررہے ہیں۔ پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگرکرتے ہوئے صدرممنون حسین نے کہاکہ پاکستان مختلف شعبوں جن میں توانائی ،مواصلات انفراسٹرکچر کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے شاندارمواقع پیش کرتا ہے جن سے سرمایہ کاروں کو استفادہ کرنا چاہئے۔ قبل ازیں صدر ممنون حسین بیجنگ میں اپنا سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد جمعہ کی صبح تیز رفتار بلٹ ٹرین کے ذریعے  شنگھائی روانہ ہوئے۔

ای پیپر-دی نیشن