• news

فیصل آباد: گلے پر ڈور پھرنے سے نوجوان شدید زخمی، 2 کانسٹیبل معطل

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) گلے پر ڈور پھرنے سے نوجوان زخمی، 2 کانسٹیبلوں کو معطل کر کے لائن حاضر کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں سی پی او فیصل آباد ڈاکٹر حیدر اشرف نے امروز تھانہ منصورہ آباد کی حدود میں ایک تنویر نامی شخص کے ڈور سے زخمی ہونے پر تھانہ منصورہ آباد کے ایس ایچ او انسپکٹر عبدالستار اور موبائل پٹرولنگ افسر طارق سب انسپکٹر ایگل 4کے موٹر سائیکل گشت کانسٹیبلان رضوان احمد 1021وحید 5841کو معطل کر کے ان کو لائن حاضر کر دیا ہے۔ انہیں شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے انکے خلاف محکمانہ کاروائی عمل میں لائے جانے کا حکم دیا ہے۔ سی پی اوفیصل آباد کے ایک با ر پھر واضح کیا ہے پتنگ بازی کو ہرممکن طریقے سے روکا جائے گا تاکہ عوام کی جان کی حفاظت کی جائے اور جس ایس ایچ او کے علاقہ میں پتنگ بازی ہوتی ہوئی پائی گئی وہ ایس ایچ او اپنے آپ کو معطل سمجھیں۔ علاوہ ازیں فیصل آباد میں پتنگ بازی کی روک تھام کے لئے پولیس کی طرف سے کئے گئے سب اقدامات بے سود ثابت ہوئے۔ آسمان پتنگوں سے بھرا رہا جبکہ رہائشی علاقے ہوائی فائرنگ اور بوکاٹا کی آوازوں سے گونجتے رہے جبکہ 20سالہ نوجوان گلے پر ڈور پھرنے سے شدید زخمی ہو گیا۔ پتنگ بازی کے باعث ہونے والے ناخوشگوار واقعات کے خاتمہ کے لئے پتنگ بازی کی روک تھام کے لئے پولیس کی طرف سے کئے گئے تمام اقدامات کے باوجود دن بھر آسمان پتنگوں سے بھرا رہا۔ رہائشی علاقوں میں منچلے نوجوان ڈھول کی تھاپ اور میوزک پر ناچتے ہوئے پتنگ بازی کے مزے لیتے رہے۔ ضلعی حکومت اور پولیس افسران کے حکم پر پولیس اہلکار گاڑیوں پر سیڑھیاں رکھے شہر بھر کا چکر تو کاٹتے رہے لیکن پتنگ بازی نہ روک سکے کہ اسی دوران 20سالہ نوجوان محمد تنویر موٹرسائیکل پر سوار پل جھال خانوآنہ پر جا رہا تھا نامعلوم سمت سے آتی ہوئی کٹی ہوئی پتنگ کی ڈور نے اس کا گلا کاٹ دیا جسے تشویشناک حالت میں سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن