عمران طالبان کے جاسوس ہیں: عاصمہ جہانگیر، محترمہ بیرونی طاقتوں کی مخبر ہیں: شیریں مزاری
اسلام آباد (ایجنسیاں) سپریم کورٹ بار کی سابق صدر اور سینئر قانون دان عاصمہ جہانگیر نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو طالبان کا جاسوس قرار دے دیا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عاصمہ جہانگیر نے کہا کہ حکومت نے طالبان کے خلاف کارروائی میں تاخیر کردی، صرف سکیورٹی اہلکاروں کی ہلاکت پر ہی کارروائی کرنا درست اقدام نہیں۔ دہشت گردوں کے خلاف ایک مکمل اور بھرپور آپریشن ملکی مفاد میں ہے۔ انہوں نے عمران خان کے بارے میں کہا کہ وہ ابھی تک سیاسی نابالغ ہیں، وہ پہلے سیاسی طور پر بالغ ہو جائیں پھر میرے بارے میں کوئی بات کریں۔ دوسری طرف انکے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے تحریک انصاف کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیریں مزاری نے کہا ہے کہ عاصمہ جہانگیر کی جانب سے عمران خان کے خلاف تنقیدی حملہ باعث تعجب نہیں کیونکہ موصوفہ امریکہ سی آئی اے اور بھارتی جاسوس ادارے را سمیت اسی سلسلے کا حصہ ہیں جو پاکستان میں دہشت گردی کو ہوا دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے عاصمہ جہانگیر بذات خود لمبے عرصے سے پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے والی بیرونی طاقتوں کیلئے مخبری میں مصروف ہیں اور یہ سمجھتی ہیں کہ دوسرے لوگ بھی انہی کے نقشِ قدم پر چلتے ہیں۔