’’انڈہ انڈہ ہوتا ہے‘‘ کھانے والے پر منحصر ہے، وہ حلال کھاتا ہے یا حرام پارلیمانی سیکرٹری جنگلی حیات سندھ
کراچی (وقائع نگار) ’’انڈہ انڈہ ہوتا ہے، یہ کھانے والے پر منحصر ہوتا ہے کہ وہ حلال کھاتا ہے یا حرام کھاتا ہے‘‘۔ یہ بات جمعہ کو سندھ اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران محکمہ جنگلی حیات کے پارلیمانی سیکرٹری سید ناصر حسین شاہ نے ایم کیو ایم کے اقلیتی رکن دیوان چند کے ضمنی سوال پر کہی۔ دیوان چند نے پوچھا تھا کہ کچھوے کے انڈے حرام ہیں یا حلال۔ اسپیکر آغا سراج درانی نے ان سے دریافت کیا کہ انہوں نے کبھی کچھوے کے انڈے کھائے ہیں؟ دیوان چند نے کہا کہ انہوں نے کبھی نہیں کھائے۔ اس لئے پوچھ رہا ہوں کہ آئندہ احتیاط کی جاسکے۔ مسلم لیگ (ن) کی خاتون رکن سورٹھ تھیبو نے ایوان کو بتایا کہ باگڑی کچھوے کھاتے ہیں۔ سپیکر نے کہا کہ چھپ کر کھاتے ہوں گے۔