گوجرانوالہ: پولیس موبائل بم سے اڑانے میں ملوث 4 شدت پسند گرفتار
گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی)گوجرانوالہ پولیس نے دہشت گردی کی مختلف وارداتوں میں ملوث کالعدم تنظیم کے چار شدت پسند گرفتارکر لئے، سی پی او گوجرانوالہ راجہ رفعت نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ چاروں افراد محمد عمیر امیر، محمد زبیر، مزمل حسین اور حافظ عمران گوجرانوالہ کے رہائشی ہیں اور گذشتہ کئی سالوں سے کالعدم تنظیم کے لیے کام کررہے تھے، چاروں ملزم اسلحہ چلانے اور تخریب کاری کے لیے مکمل تربیت یافتہ ہیں، انہوں نے بتایا کہ ملزموں نے چند ماہ قبل عالم چوک میں پولیس وین کو دستی بم سے اڑایا تاہم تمام اہلکار ناکے پر ہونے کے باعث محفوظ رہے ملزموں نے باغبانپورہ میں پیر ہدایت اللہ کو ان کے آستانے پر پیری فقیری کرنیوالے خلیفہ رحمت علی کو گولی مار کر، دربار لعل شہباز بڑا قبرستان کے مجاور محمد اقبال کو گلا کاٹ کر قتل کرنے کے علاوہ مقامی امام بارگاہوں میں فائرنگ کرکے جاوید حسین طلعت، محمد یونس اور امانت علی کو بھی قتل کر دیا تھا ان کے خلاف 13 مقدمات درج ہیں۔