• news

بونیر‘ پشاور میں بم دھماکے‘ قومی وطن پارٹی کے رہنما سمیت 4 جاں بحق‘ 3 زخمی

بونیر، پشاور (ثناء نیوز+ اے این این)پشاور اور بونیر میں دو بم دھماکوں کے نتیجے میں قومی وطن پارٹی کے مقامی رہنما سمیت چار افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے۔ عدالت خان ایڈووکیٹ اپنے ساتھیوں کے ہمراہ کورٹ جانے کیلئے گھر سے نکلے، شوگا کے مقام پر ان کی گاڑی کو ریموٹ کنٹرول دھماکے سے اڑا دیا گیا۔ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو محاصرے میں لیکر تحقیقات شروع کردی۔ ہفتہ کو بونیر کے علاقے کو گن میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکے کے نتیجے میں قومی وطن پارٹی کے رہنما عدالت خان ایڈووکیٹ اپنے 2 ساتھیوں سمیت جاں  بحق  جبکہ 3 افراد شدید زخمی ہوگئے۔ عدالت خان اپنے ساتھیوں کے ہمراہ عدالت جانے کیلئے گھر سے نکلے تھے کہ شدت پسندوں نے شوگا کے مقام پر ان کی گاڑی کو ریموٹ کنٹرول بم دھماکے سے اڑا دیا۔ دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ ڈی آئی جی مالا کنڈ عبداللہ خان نے صحافیوں کو بتایا کہ واقعہ میں 2 افراد جاں بحق تین زخمی ہوئے۔ عدالت خان ایڈووکیٹ قومی امن لشکر کے سربراہ بھی رہے۔ واقعہ کے بعد سکیورٹی فورسز نے شواہد اکٹھے کرکے علاقے کو محاصرے میں لے لیا اورتحقیقات شروع کر دی جبکہ دوسرا واقعہ پشاور کے علاقہ ناصر باغ میں ریکی ماڈل ٹاون کے علاقہ میں سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ میں ہلاک ہونیوالا شخص مبینہ طور پر دہشت گرد ہے جو کہ بم نصب کر رہا تھا اور بم پھٹنے سے وہ خود اس کا نشانہ بن گیا۔ پولیس کے مطابق حملہ آور پولیس موبائل کو ٹارگٹ کرنے کیلئے سڑک کنارے بم نصب کر رہا تھا کہ خود دھماکہ کا نشانہ بن گیا۔ پولیس نے علاقہ میں  حملہ آور کے ساتھیوں کی موجودگی کے پیش نظر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ صدر مملکت ممنون حسین، وزیراعظم نوازشریف، وزیراعلیٰ خیبرپی کے پرویز خٹک ، قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد شیرخان پائو، تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سمیت دیگرسیاسی و سماجی  رہنمائوں نے قومی وطن پارٹی کے مقامی رہنما کی بم حملے میں ہلاکت کی شدید مذمت کی۔ دریں اثناء ٹانک کے محلہ شاہجہان میں لیڈی ڈاکٹر کے کلینک کو بارودی مواد سے اڑانے کی کوشش ناکام، پولیس نے تین کلو وزنی بارودی مواد کو ناکارہ بنا دیا جبکہ نواحی گائوں بھٹیارے کے قریب نامعلوم خاتون کی لاش برآمد ہوئی۔ ثناء نیوز کے مطابق کلاچی شہر میں نامعلوم ملزمان نے سی ڈی شاپ کو رات کے وقت آگ لگا دی۔ لاکھوں روپے کا سامان جل کرخاکستر ہوگیا۔ سی ڈی شاپ مالک مصطفی کو نامعلوم ملزمان کی طرف سے دکان بند کرنے کے حوالے سے دھمکیاںدی جارہی تھیں۔اسی طرح کلاچی کے علاقہ لونی میں مخالفین کی فائرنگ سے فاروق نامی شخص جاں بحق ہوگیا۔

ای پیپر-دی نیشن