طالبان اور پاکستان ایک دوسرے کی ضد ہیں، ساتھ نہیں چل سکتے، الطاف
لندن (نوائے وقت نیوز) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ طالبان اور پاکستان ایک دوسرے کی ضد ہیں اگر ملک پر طالبان کا قبضہ ہوا تو اس کی سلامتی وبقا خطرے میں پڑ جائے گی۔ نائن زیرو پر رابطہ کمیٹی کے ارکان سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا متحدہ قومی موومنٹ ملک کی واحد جماعت ہے جو گزشتہ کئی برسوں سے پوری قوم کو طالبانائزیشن کے خطرے سے آگاہ کرتی رہی ہے اور حق پرستانہ جدوجہد کی پاداش میں طالبان دہشت گردوں کی جانب سے ایم کیو ایم کے منتخب نمائندوں، کارکنوں اور دفاترکو بھی دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ پاکستان کے پالیسی ساز اداروں کو جان لینا چاہئے کہ جس طرح ایک نیام میں دو تلواریں نہیں رہ سکتیں اسی طرح پاکستان اور طالبان ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔ پاکستان میں یا تو لبرل اور روشن خیال پاکستانی ہوں گے یا پھر طالبان، انہوں نے کہا کہ پاکستان، طالبان نے نہیں بنایا تھا اگر پاکستان پر ان دہشت گردوں کا قبضہ ہوا تو ملک کی سلامتی و بقاء خطرے میں پڑ جائے گی۔