• news

بوریوالہ : پولیس بس اور بارات کی کار میں تصادم دولہا دلہن سمیت سات جاں بحق

بوریوالا (نامہ نگار + نوائے وقت رپورٹ) چیچہ وطنی روڈ پر پولیس کی بس اور کار میں خوفناک تصادم، دولہا دلہن سمیت ایک ہی خاندان کے 7 افراد جاں بحق ہونیوالوں میں دو معصوم بچے، تین خواتین شامل ہیں۔ پولیس کی بس بوریوالا میں تبلیغی اجتماع کی ڈیوٹی ہوکر تیز رفتاری سے واپس جارہی تھی۔ تفصیلات کے مطابق ایف بلاک لکڑ منڈی کے رہائشی محمد جمیل کی بیٹی پروین  اختر کی گزشتہ روز سمندری کے رہائشی اپنے رشتہ دار محمد ارشد کے ساتھ شادی ہوئی رخصتی کے بعد اگلے روز آج لڑکی کے اہل خانہ 6 سالہ بھائی محمد فرید، کزن 7 سالہ کامران، کزن پروین بی بی، 20 سالہ کزن ثناء اور 6 سالہ فرزانہ دولہا کے ہمراہ واپس کار پر سوار ہوکر بوریوالا کی جانب آرہے تھے جبکہ کار 431 ای بی چیچہ وطنی روڈ کے قریب پہنچی تو سامنے سے آنے والی پولیس ملازمین سے بھری تیز رفتار بس نے اسے ٹکر مار کر بری طرح کچل دیا۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ کار بس کے نیچے دھنس گئی اور حادثے کے بعد پولیس کی بس کا ڈرائیور اور تمام ملازمین خوفزدہ ہوکر موقع سے فرار ہوگئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس اور ریسکیو کا عملہ موقع پر پہنچ گیا جنہوں نے کار کو کاٹ کر نعشوں کو باہر نکالا۔ اس حادثے کے نتیجہ میں دولہا محمد ارشد، دلہن پروین اختر، دلہن کے کزن 6 سالہ کامران ، 20 سالہ کزن ثناء منظور اور  23 سالہ کزن پروین بی بی جاں بحق ہوگئیں۔ جبکہ 6 سالہ فرزانہ کو انتہائی تشویشناک حالت میں نشتر ہسپتال ملتان ریفر کردیا گیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او وہاڑی صادق علی ڈوگر پولیس کی بھاری نفری اور سینکڑوں شہری ہسپتال پہنچ گئے۔ جہاں بدقسمت خاندان کے لواحقین آہ و بکا کرتے رہے۔ حادثے کی وجہ پولیس ملازمین بس کی تیز رفتاری بیان کی جاتی ہے۔ڈی پی او وہاڑی نے بتایا حادثے سے متاثرہ خاندان کو انصاف ملے گا، حادثے کی ذمہ دار پولیس بس کے انچارج اور ڈرائیور کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن