• news

ننکانہ صاحب: 5 ملین روپے سے تعمیر ڈاکٹر مجید نظامی پارک کا افتتاح

ننکانہ صاحب (نامہ نگار) ہائوسنگ کالونی ننکانہ صاحب میں پانچ ملین روپے سے تعمیر ہونے والے ڈاکٹر مجید نظامی پارک کا افتتاح قومی اسمبلی کے رکن رائے منصب علی خاں نے کیا۔ اس موقع پر صوبائی اسمبلی کے ارکان ملک ذوالقرنین ڈوگر اور رانا جمیل حسن گڈ خان کے علاوہ ڈی سی او ڈاکٹر عثمان علی خاں، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر رانا عبدالشکور، ای ڈی او ہیلتھ محمد اسلم رندھاوا، ای ڈی او ایگری کلچر اصغر علی ڈوگر، ڈی او جنگلات امتیاز علی، فارسٹ آفیسر ملک شوکت علی، جنرل سیکرٹری تحصیل مسلم لیگ(ن) ننکانہ صاحب رائے رضوان سلطان کھرل، رائے توصیف احمد کھرل کے علاوہ شہریوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھے۔ امتیاز علی بھٹی نے بتایا کہ ڈاکٹر مجید نظامی پارک ایک سال کی مدت میں مکمل کیا گیا ہے اور یہ پارک 10کنال کے رقبہ پر پھیلا ہوا ہے اور یہ ننکانہ صاحب کا دوسر اپارک ہے جہاں بچوں کے لئے جھولے اور دیگر تفریحی دلچسپی کا سامان مہیا کیا گیا ہے۔ محکمہ جنگلات موسم بہار کی شجر کاری کے سلسلہ میں ضلعی اور صوبائی حکومتوں کے تعاون سے80ہزار سے زائد پودے لگائے گا۔ رانا عبدالشکور ای ڈی سی ننکانہ نے بتایا کہ یہ ننکانہ صاحب کی انتہائی خوش قسمتی ہے کہ یہاں پارک تعمیر کئے گئے ہیں جو کہ شہریوں کیلئے بہت بڑی نعمت ہے۔ قبل ازیں رائے منصب علی خاں نے پارک میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا افتتاح کیا۔

ای پیپر-دی نیشن