• news

حکومت مشاورت کرے نہ کرے طالبان کیخلاف آپریشن میں ساتھ ہیں: خورشید شاہ

اسلام آباد (ثناء نیوز) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ حکومت مشاورت کرے یا نہ کرے طالبان کیخلاف آپریشن کے معاملہ پر اپوزیشن حکومت کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ نجی ٹی وی سے انٹرویو میں خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ حکومت نے اب تک ہم سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی مگر ہمیں کوئی ضرورت بھی نہیں، اگر میاں نوازشریف اور انکی حکومت یہ فیصلے کررہی ہے تو ہم ان کی مدد کریں گے اور کھل کر مدد کریں گے اور کوئی ایسا ایشو کھڑا نہیں کریں گے جس سے حکومت کیلئے کوئی مسئلہ پیدا ہو۔ انکا کہنا تھا کہ ملک کے مفاد کے لئے حکومت جو بھی فیصلے کرے ہم حکومت کا بھرپور ساتھ دیں گے تاہم حکومت آپریشن سے قبل سنجیدگی کے ساتھ موثر طریقہ سے منصوبہ بندی کرے، حکومت کو مضبوطی کیساتھ آپریشن میں جانا چاہئے۔ خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ طالبان پر فضائی حملہ عسکری قیادت کا فیصلہ تھا تاہم وقت آگیا ہے کہ حکومت طالبان کے حوالے سے موثر منصوبہ بندی کے ساتھ فیصلہ کرے، اب اس میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے کیونکہ شیر کی ایک دن کی زندگی گیڈر کی سو سالہ زندگی سے بہتر ہے۔ وہ ہفتہ کو سکھر میں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

ای پیپر-دی نیشن