• news

صدر ممنون حسین اپریل میں نائیجیریا کا دورہ کرینگے: سفیر

اسلام آباد (جاوید صدیق) صدر ممنون حسین اپریل کے پہلے ہفتے میں نائیجیریا کا دورہ کریں گے اس دورے میں پاکستان اور نائجیریا کے درمیان تجارت اور معیشت کے شعبوں میں تعاون کے لئے  ایک سمجھوتے کے  فریم ورک پر دستخط ہوں گے۔یہ بات پاکستان میں نائیجیریا کے سفیر  داؤد  لادی نے وقت نیوز کے پروگرام ایمبیسی روڈ  میں ایک انٹرویو میں بتائی۔ نائیجیریا کے سفیر نے بتایا کہ پاکستان ٹیکسٹائل کے شعبہ میں بہت مہارت رکھتا ہے۔ یورپ کو ٹیکسٹائل مصنوعات برآمد کرتا ہے اب پاکستان کو افریقہ پر توجہ دینا چاہئے۔نائجیریا ہر سال بیرون ملک سے 7 ارب ڈالر کا کپڑا درآمد کرتا ہے، پاکستان نائیجیریا کی مارکیٹ میں اپنی جگہ بنا سکتا ہے۔ نائیجرین سفیر نے بتایا اس وقت نائیجیریا میں ٹیکسٹائل  صنعت بند پڑی ہے اگر پاکستانی صنعت کار  چاہیں تو نائیجیریا کی ٹیکسٹائل صنعت کو بحال کرکے وہاں سے اپنی مصنوعات افریقی ملکوں  کو برآمد کرسکتے ہیں۔ پاکستان ادویات نائیجیریا کو برآمد کرسکتا ہے حال ہی میں نائیجیریا کے تاجروں نے پاکستان کا دورہ کیا تھا جنہوں نے پاکستان سے ادویات درآمد کرنے کا جائزہ لیا۔پاکستان کے چیمبر آف کامرس کے ایک 42رکنی وفد نے بھی حال ہی  میں نائجیریا کا دورہ کیا تھا اور وہاں کی مارکیٹ کا جائزہ لیا تھا۔ پاکستان اور نائیجیریا کے تاجر مشترکہ منصوبے  بھی شروع کر سکتے ہیں۔ پاکستان کے دو پڑوسی ممالک بھارت اور چین نائجیریا سے تیل درآمد کر رہے ہیں تو پاکستان کو بھی وہاں سے تیل درآمد کرنا چاہئے۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے  او آئی سی کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے اور اسلامی ملکوں کے علماء کی ایک کونسل بننی چاہئے جو دہشت گردی کے خاتمے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔ افغانستان کے مستقبل  کے حوالے سے پاکستان بہت اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن