• news

لاتوں کے بھوت باتوں سے نہیں مانتے شدت پسند جو زبان سمجھتے ہیں اسی میں سمجھائیں گے : پرویز رشید

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ/ آئی این پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ حکومت دہشت گردوں کو انجام تک پہنچانے کا تہیہ کرچکی ہے۔ مذاکرات اور آپریشن سمیت تمام اقدامات بروئے کار لائیں گے۔ چند ہفتے اہم ہیں حکومت سیاسی قوتوں کو اعتماد میں لے گی۔ حتمی اعلان وزیراعظم نوازشریف کریں گے۔ ہم جانتے ہیں لاتوں کے بھوت باتوں سے نہیں مانتے، شدت پسند جس زبان میں بات سمجھتے ہیں اسی میں سمجھائیں گے۔ مذاکرات اب بھی منقطع نہیں کئے۔ دہشت گردی کی روک تھام کیلئے سکیورٹی کے تمام ادارے حکومت کی پالیسی کے مطابق کام کررہے ہیں، دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے معاملے پر حکومت اور فوج کے درمیان کسی   قسم کا اختلاف نہیں۔  ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ حکومت لوگوں کے جان ومال کے تحفظ کیلئے دہشت گردوں کے تمام ٹھکانوں کو تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ پرویز رشید نے کہا کہ طالبان نے اپنی کارروائیوں میں مقدس مقامات ، تعلیمی اداروں، تجارتی مراکز اور کئی دوسرے مقامات کو نشانہ بنایا۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے  پرویز رشید نے کہا ہے کہ حکومت دہشت گردی کی جڑیں کاٹنے اور دہشت گردوں کو انجام تک پہنچانے کا تہیہ کر چکی ہے جس کیلئے مذاکرات اور آپریشن سمیت تمام ممکنہ اقدامات بروئے کار لائیں گے، فوج کو حکومت کے گرین سگنل کا انتظار ہے۔ دہشت گردی کا جن قابو کرکے ہی ملک میں امن و استحکام یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ اس حوالے سے آنے والے چند ہفتے اہم ہیں جس کے لئے سیاسی قوتوں کو اعتماد میں لیا جا رہا ہے۔ حتمی اعلان وزیراعظم نوازشریف کریں گے۔ فوج کو حکومت کے گرین سگنل کا انتظار ہے۔ سگنل ملتے ہی فوج قوم کے اعتماد پر پورا اترے گی۔ طالبان کے بعض عناصر مذاکرات نہیں چاہتے۔

ای پیپر-دی نیشن