• news

حکومت کے فضل اللہ، سجنا گروپ سے بیک چینل رابطے‘چند روز میں جنگ بندی کا امکان ہے: ذرائع

اسلام آباد(آن لائن) حکومت اور طالبان کے کچھ گروپوں کے درمیان موثر بیک چینل رابطوں کے باعث آئندہ چنددنوں میں جنگ بندی کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق محسود جنگجو اور فضل اللہ گروپ سے رابطے کئے گئے ہیں۔ محسود جنگجوؤں کی قیادت خان سید سجنا کر رہے ہیں جو جنوبی اور شمالی وزیرستان میں موجود طالبان میں خاصا اثرورسوخ رکھتے ہیں البتہ مہمند ایجنسی سے تعلق رکھنے والے طالبان جن کی قیادت عمر خالد خراسانی کر رہے ہیں اور وزیرستان میں موجود قاری شکیل کی جانب سے امن کے عمل کو سبوتاژکرنے کی کوششیں ہو رہی ہیں جن میں 23 ایف سی اہلکاروں کی شہادت بھی شامل ہے۔ ذرائع کے مطابق اس گروپ کے علاوہ وزیرستان میں موجود غیرملکی جنگجو جن میں ازبک شدت پسند نمایاں ہیں، بھی قیام امن کے عمل کے خلاف ہیں اور یہی وجہ ہے کہ حالیہ فضائی حملوں میں انکو پوری شدت سے نشانہ بنایا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ اگر بیک چینل رابطے پوری طرح سے کامیاب ہوگئے توسجنا اورفضل اللہ گروپوں کے ساتھ آئندہ کچھ دنوں میں سیزفائر ہو سکتا ہے البتہ تحریک طالبان مہمند، ازبک و دیگر غیرملکی شدت پسندوں کیخلاف فضائی حملے جاری رہ سکتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن