سعودی خاتون نے نماز نہ پڑھنے والے شوہر سے 55 ہزار ریال کے عوض طلاق لے لی
ریاض (آن لائن) سعودی عرب میں ایک خاتون نے شادی کے محض پانچ دن بعد نماز ادا نہ کرنے پر شوہر سے 55 ہزار ریال کے عوض عدالت سے فسخ نکاح کا حکم نامہ لے لیا۔ العربیہ ٹی وی کے مطابق سعودی عرب کی ایک خاتون نے شادی کے فقط پانچ دن بعد ایک شرعی عدالت میں درخواست دائر کی جس میں انہوں نے موقف اختیار کیا کہ میرا شوہر نماز کی ادائیگی میں غفلت کا مظاہرہ کرتا ہے۔ اہل خانہ کے ساتھ اس کا رویہ درست نہیں۔ نیز وہ قابل اعتراض ویڈیوز دیکھنے کا بھی عادی ہے لہٰذا عدالت اسے طلاق دلوائے۔ درخواست دہندہ خاتون نے طلاق کے عوض شوہر کو پچپن ہزار ریال ادا کرنے کا بھی اعلان کیا۔ عدالت نے مذکورہ رقم وصول کرنے کے بعد خاتون کو فسخ نکاح کا حکم نامہ دے دیا۔ شوہر نے نکاح کے وقت خاتون کو 70 ہزار ریال مہر ادا کیا تھا۔ 55 ہزار ریال خاتون نے خود واپس کر دیئے جبکہ بقیہ پندرہ ہزار ریال اس لئے چھوڑے ہیں تاکہ ممکنہ طور پر ہونے والے بچے کی کفالت کی جا سکے۔