قائمہ کمیٹی ارکان کا پاک بحریہ کی تنصیبات کا دورہ، چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت پر بریفنگ
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) سینٹ کی 13 رکنی قائمہ کمیٹی برائے دفاع نے پاک بحریہ کی کراچی اور ساحلی علاقوں میں قائم یونٹس اور تنصیبات کا تین روزہ دورہ کیا اور مختلف ترقیاتی کاموں اور اقدامات کا جائزہ لیا۔ وفد کی سربراہی سنیٹر مشاہد حسین سید کر رہے تھے۔ بحریہ کے پریس ریلیز کے مطابق وفد نے پاکستان نیوی ڈاکیارڈ، سب میرین سینٹر اور کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس کا دورہ کیا۔ کمیٹی کو خطے میں ابھرتے ہوئے چیلنجز اور ان سے نمٹنے کیلئے پاک بحریہ کی صلاحیتوں، اقدامات اور بنیادی ڈھانچے میں بہتری کیلئے کی جانیوالی کاوشوں پر ایک جامع بریفنگ دی گئی۔ اسکے علاوہ وفد کو بھارتی بحریہ کی مسلسل بڑھتی ہوئی قوت خصوصاً ایٹمی آبدوز پر پاک بحریہ کی تشویش، خطے کے امن کو درپیش خطرات اور پاک بحریہ کی خودانحصاری کے حصول کی کاوشوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔ کمیٹی نے مستقبل قریب میں بحری بیڑے کا مسکن سمجھی جانیوالی جناح نیول بیس اورماڑہ کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں تعمیراتی اور ترقیاتی کاموں سے آگاہ کیا گیا۔ کیڈٹ کالج اورماڑہ کے دورے کے دوران کمیٹی کو ان سہولیات سے بھی آگاہ کیا گیا جو پاک بحریہ کیڈٹس کو فراہم کر رہی ہے۔ قائمہ کمیٹی کو اس امر سے بھی آگاہ کیا گیا کہ پاک بحریہ مقامی بلوچ آبادی اور بالخصوص ساحلی پٹی پر بسنے والے افراد کو مفت طبی سہولیات بھی فراہم کر رہی ہے۔ وفد نے اس سلسلے میں تعمیر کئے جانیوالے 100 بیڈ پر مشتمل پاک بحریہ کے ہسپتال پی این ایس درمان جاہ کا بھی دورہ کیا۔ کمیٹی کو حالیہ زلزلے کے دوران آواران میں پاک بحریہ کے ریسکیو آپریشن اور بحالی کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔