قومی ٹی ٹونٹی فکسنگ کیس کی تحقیقات جاری ، 4کھلاڑی آج طلب
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کی تین رکنی فیکٹ اینڈ فائنڈنگ کمیٹی کا اجلاس آج قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہوگا جس میں ریجنل ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کے دوران کراچی ڈولفنز اور سیالکوٹ سٹالینز کے درمیان ہونے والے میچ پر لگنے والے الزامات کی تحقیقات کی جائیں گی۔ پی سی بی کی فیکٹ اینڈ فائنڈنگ کمیٹی میں جنرل مینجر ڈومیسٹک کرکٹ آپریشنز شفیق احمد، سینئر مینجر سکیورٹی اینڈ اینٹی کرپشن لیفٹیننٹ کرنل (ر) وسیم احمد اور کرکٹر علی نقوی شامل ہیں نے سیالکوٹ سٹالینز کے شعیب ملک اور عمران نذیر سمیت چار کھلاڑیوں کو بلا رکھا ہے۔ جن کے بیانات ریکارڈ کرنے کے بعد کمیٹی اپنی رپورٹ چیف آپریٹننگ آفیسر سبحان احمد کو دیدے گی۔ واضح رہے کہ راولپنڈی میں کھیلے جانے والے ریجنل ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں سیالکوٹ سٹالینز اور کراچی ڈولفنز کے درمیان کھیلے جانے والے میچ کو سابق ٹیسٹ کرکٹر باسط علی نے فکس قرار دیا تھا۔ سیالکوٹ سٹالینز کے کھلاڑیوں نے اگلے میچ میں کھیلنے سے انکار کر دیا تھا بعدازاں پی سی بی کی ایک اعلیٰ شخصیت کی مداخلت پر سیالکوٹ کی ٹیم میچ کھیلنے کے لئے میدان میں اتری تھی۔