انڈر19 ورلڈ کپ : سنسنی خیز مقابلہ‘ پاکستان انگلینڈ کو ہرا کر فائنل میں پہنچ گیا‘ ملک بھر میں جشن
دبئی (سپورٹس رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) آئی سی سی انڈر19 کرکٹ ورلڈکپ میں پاکستان نے پہلے سیمی فائنل میں انگلینڈکو 3وکٹوں سے شکست دیکر فائنل میں جگہ بنالی، 205رنز کا ہدف گرین شرٹس نے آخری اوور کی پہلی گیند پر پورا کر لیا، ظفرگوہر کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، آٹھویں وکٹ کے لئے ظفر گوہر اور عماد بٹ نے 63 رنز کی ناقابلِ شکست شراکت قائم کر کے پاکستان کی شکست کو فتح میں تبدیل کر دیا۔ دبئی میں کھیلے جانیوالے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 204 رنز بنائے، انگلینڈ کی جانب سے ٹیٹر سال اور فنچ نے اننگز کا آغاز کیا لیکن یہ دونوں اوپنر بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوگئے بعد میں آنے والے بلے بازوں میں رائن ہگنز اور ول روڈز عمدہ بلے بازی کی اور ٹیم کو ایک بہتر سکور تک پہنچنے میں مدد دی، دونوں نے نصف سنچریاں بنائیں۔ روڈز نے چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 76 رنز بنائے اور آئوٹ نہیں ہوئے جبکہ رائن ہگنز نے تین چوکوں کی مدد سے 54 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے ضیاء الحق، کرامت علی اور ظفر گوہر نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ 205 رنزکے ہدف کیلئے پاکستانی اوپننگ بلے بازوں نے اعتماد سے اننگز کا آغاز کیا۔ 41کے مجموعی سکور پر پہلی وکٹ گری، امام الحق سیمی فائنل میں بڑی اننگز نہ کھیل سکے، اس کے بعد پاکستان کا ٹاپ آرڈر ناکام رہا، سعود شکیل نے 45 رنز کی اننگز کھیلی اور انہیں فشر نے وکٹوں کے پیچھے کیچ کروایا جبکہ سیف اللہ خان کوئی رن نہ بنا سکے، 57 کے سکور پر چار وکٹیں گرنے کے بعد سعود شکیل اور امیر حمزہ نے 50 رنز سے زیادہ کی شراکت قائم کر کے ٹیم کو سہارا دیا، اس شراکت کا خاتمہ سائر نے امیر حمزہ کو آئوٹ کر کے کیا۔ مڈل آرڈر میں سعود شکیل اور امیر حمزہ اور پھر آخر میں ظفر گوہر اور عماد بٹ نے اہم شراکتیں قائم کر کے ٹیم کو فتح دلوائی، ظفر گوہر37 اور عماد 36 رن بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔ انگلینڈ کی جانب سے فشر، سائر اور جونز نے دو، دو وکٹیں لیں۔ بھارت کے بعد بگ تھری کا دوسرا ’’چودھری‘‘ بھی انڈر 19 ورلڈ کپ سے باہر ہو گیا۔ پاکستان نے بگ تھری کے بڑے ٹھیکیدار انگلینڈ کو انڈر 19 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں 3 وکٹوں سے ہرا کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔ دوسرا بڑا ٹھیکیدار بھارت پہلے ہی ٹورنامنٹ سے باہر ہو چکا ہے۔ پاکستان نے پانچویں بار مسلسل انڈر 19 ورلڈ کپ فائنل میں پہنچ کر ریکارڈ قائم کر دیا۔ پاکستان نے جیسے ہی وننگ شاٹ لگائی پاکستانی کھلاڑی چھلانگ لگا کر گراؤنڈ میں کود گئے اور جشن مناتے ہوئے رقص کرنا شروع کر دیا۔ ایک دوسرے سے گلے ملے اور مبارکباد دی جبکہ نوجوان گورے کھلاڑیوں کے منہ لٹک گئے۔ کچھ کی آنکھوں میں تو آنسو بھی نظر آرہے تھے۔ سنسنی خیز مقابلے کے بعد فتح پر ملک بھر میں جشن منایا گیا۔ سپورٹس رپورٹر کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی عبوری کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے پاکستان انڈر 19 ٹیم کی انگلینڈ کے خلاف ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میچ میں کامیابی پر کپتان، کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی نوجوان کھلاڑی فائنل میچ میں بھی کامیابی حاصل کر کے پوری قوم کا سرفخر سے بلند کریں گے۔ نجم سیٹھی نے کھلاڑیوں کے نام اپنے پیغام میں کہا سری لنکا اور انگلینڈ کے خلاف پاکستان کی کارکردگی قابل ستائش رہی یہ سلسلہ آگے بھی جاری رکھتے ہوئے ٹائٹل جیتے گی۔