ججز نظربندی کیس‘ مشرف کو ایک روز کا استثنیٰ‘ مستقل حاضری سے متعلق درخواست کا فیصلہ میرٹ پر ہو گا: عدالت
راولپنڈی (ایجنسیاں) انسداد دہشت گردی عدالت نے ججز نظربندی کیس میں پرویز مشرف کی حاضری سے ایک دن استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی، عدالت کا کہنا ہے کہ مستقل حاضری سے متعلق درخواست پر میرٹ پر فیصلہ ہوگا۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج عتیق الرحمان نے مشرف کے خلاف ججز نظر بندی کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ مشرف کی میڈیکل رپورٹ کہاں ہے، مشرف کے وکیل الیاس صدیقی نے کہا کہ اے ایف آئی سی کے ڈاکٹر میڈیکل رپورٹ فراہم نہیں کر رہے، عدالت اے ایف آئی سی کے ڈاکٹروں کو رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے۔ جج عتیق الرحمان نے کہا کہ عدالت ایسا کوئی حکم نہیں دے گی، آپ خود آئندہ سماعت پر رپورٹ پیش کریں۔ عدالت نے سماعت اگلے مہینے کی 7تاریخ تک ملتوی کر دی۔ ثناء نیوز کے مطابق عدالت نے سابق صدر کو اگلی پیشی پر عدالت حاضر ہونے کی ہدایت کی۔ دوسری جانب شہداء فائونڈیشن نے عبدالرشید غازی قتل کیس میں مشرف کا ٹرائل سیشن کورٹ سے ہائیکورٹ منتقل کرنے کے لئے دائر پٹیشن کی جلد سماعت کے لئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں متفرق درخواست دائر کر دی۔ جسٹس نورالحق قریشی آج (منگل کو) درخواست کی سماعت کریں گے۔