سینٹ پارلیمانی پارٹی کے اجلا س میں پیپلز پارٹی پر فرینڈلی اپوزیشن کا الزام
اسلام آباد (آئی این پی) سینٹ میں متحدہ اپوزیشن کی پارلیمانی پارٹی کے اجلا س میں اپوزیشن جماعتوں کے اختلافات کھل کر سامنے آ گئے۔ اے این پی‘ (ق) لیگ اور بی این پی (عوامی) نے پیپلز پارٹی پر فرینڈلی اپوزیشن کا الزام عائد کر دیا۔ تینوں جماعتوں نے موثر اپوزیشن کا کردار ادا نہ کرنے کی صورت میں اپوزیشن اتحاد سے علیحدگی کی دھمکی بھی دیدی۔ سینٹ میں متحدہ اپوزیشن کا اجلاس سینٹ میں قائد حزب اختلاف چودھری اعتزاز احسن کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں (ق) لیگ کے کامل علی آغا‘ بی این پی (عوامی) کی کلثوم پروین اور اے این پی کے عبدالنبی بنگش نے سینٹ میں اپوزیشن کے کردار کو مزید موثر بنانے پر زور دیا اور الزام عائد کیا۔ پیپلز پارٹی مسلم لیگ (ن) کی فرینڈلی اپوزیشن بن گئی ہے۔ ایشوز کو بنیاد بنا کر اپوزیشن کی جانی چاہئے اور قائد حزب اختلاف اپنا رویہ تبدیل کریں۔ مشاورت کا عمل شروع کریں، پیپلز پارٹی نے رویہ تبدیل نہ کیا تو متحدہ اپوزیشن سے علیحدگی اختیار کرنے پر غور کر سکتے ہیں۔