کراچی: 10افراد کی ٹارگٹ کلنگ‘ والدین کا 2 ہزار بچوں کو پولیو ویکسین پلانے سے انکار
کراچی (نوائے وقت رپورٹ‘ آئی این پی) کراچی میں گزشتہ روز 10 افراد ٹارگٹ کلنگ کا شکار ہوئے جبکہ پنجابی طالبان کراچی کے نائب امیر سمیت 15 طالبان کے کارندوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پرانا گولیمار میں ریکسر پل کے قریب سے 2 افراد کی نعشیں ملیں۔ دونوں حلیئے سے بلوچ دکھتے ہیں جنہیں کو اغوا کے بعد تشدد کرکے قتل کیا گیا تھا۔ پولیس نے نعشیں ہسپتال منتقل کر دیں۔ اورنگی ٹائون میں پولیس نے کارروائی کرکے پنجابی طالبان کراچی کے نائب امیر سعید الزمان کو گرفتار کر لیا جبکہ رینجرز نے مری گوٹھ میں چھاپہ مار کر کالعدم تحریک طالبان کے 11 افراد کو حراست اور بارود سے لدی موٹرسائیکل قبضے میں لے لی۔ اورنگی ٹائون کے علاقے چشتی نگر میں نامعلوم افراد نے مذہبی جماعت کے کارکن شاہد امیر الدین کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا۔ اورنگی ٹائون سیکٹر ساڑھے 11 میں مسجد قباء کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے نوجوان سرور عباس نقوی جاں بحق ہو گیا۔ عزیز بھٹی تھانے کی حدود میں حسن سکوائر کے قریب میڈیکل سٹور پر موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے سٹور کا مالک ساجد اور سیلز مین شمس الزماں جاں بحق ہو گئے، بلدیہ ٹائون میں فائرنگ سے نامعلوم شخص ہلاک اورنگی ٹائون میں بکرا منڈی کے قریب فائرنگ سے 40 سالہ بسم اللہ خان دم توڑ گیا ادھر ملیر میں گزشتہ رات ہوٹل پر فائرنگ سے زخمی نصیر بلوچ نے ہسپتال میں جان دیدی۔ واٹر پمپ یوسف پلازہ کے قریب پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو مارا گیا۔ دریں اثنا پولیو مہم کے دوسرے روز کراچی کے حساس علاقوں میں والدین نے بچوں کو قطرے پلانے سے انکار کر دیا۔ ذرائع کے مطابق 2 ہزار سے زائد بچوں کے والدین نے اپنے بچوں کو قطرے نہیں پلائے۔ لیڈی ہیلتھ ورکرز کو قطرے پلانے سے منع کیا۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز شہر کے انتہائی حساس 14 یونین کونسلز میں پولیو مہم چلائی گئی۔ انسداد پولیو مہم میں3 لاکھ 65 ہزار بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے گئے۔