سعودی عرب نے شامی باغیوں کیلئے اسلحہ خریدنے میں دلچسپی نہیں لی: پاکستان
اسلام آباد (اے این این) دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے سعودی عرب کے شام میں باغیوں کے لیے پاکستانی اسلحہ خریدنے میں دلچسپی ظاہر کرنے سے متعلق فرانسیسی میڈیا کی رپورٹ کو فضول اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے سختی سے مسترد کر دیا۔ برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان نے کہا میڈیا خود ہی ایسی خبریں بنا لیتا ہے جن میں کوئی حقیقت نہیں ہوتی۔ واضح رہے کہ فرانسیسی خبر رساں ادارے نے ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کی بنیاد پر دعویٰ کیا تھا سعودی حکومت نے شامی صدر بشار الاسد کی حامی فوج کے خلاف لڑنے والے شامی باغیوں کو جدید اسلحہ دینے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں سعودی اور پاکستانی حکام کے درمیان بات چیت بھی ہوئی ہے۔