شادی سے انکار پر مطلقہ خاتون پر تشدد‘ 5 سالہ بچے کو زمین پر پٹخ کر قتل کر دیا
مانانوالہ (نامہ نگار) درندہ صفت شخص نے شادی سے انکار پر غریب مطلقہ عورت پر وحشیانہ تشدد کرکے ادھ موا کر دیا۔ اس دوران اسکے 5سالہ بچے کو زمین پر پٹخ کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا جبکہ ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ گزشتہ روز لاری اڈہ مانانوالہ کی رہائشی شازیہ بی بی کو فیصل ٹائون مانانوالہ کا محسن اپنے ساتھیوں محمد حسن اور جہان بھٹی کے ہمراہ اپنے گھر لیجا کر اپنے ساتھ شادی پر مجبور کرنے لگا۔ اس کے انکار پر اْسے ساتھیوں سمیت مارنا پیٹنا شروع کر دیا۔ اس دوران اس کی گود میں اٹھایا ہوا پانچ سالہ معصوم بچہ شیر حیدر رونے لگ گیا جسے ملزم محسن نے اٹھا کر زمین پر پٹخ دیا جو موقع پر دم توڑ گیا۔ پولیس نے مقتول بچے کی نعش قبضہ میں لے کر پوسٹمارٹم کیلئے ڈسٹرکٹ ہسپتال شیخوپورہ منتقل کر دی اور مقدمہ درج کر کے ایک ملزم محمد حسن کو گرفتار کر لیا ہے۔کمسن بچے کے سفاکانہ قتل کی لرزہ خیز واردات پر علاقہ بھر میں غم وغصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔