• news

پشاور: شمع سینما دھماکے کے ملزم کا عدالت میں اعتراف جرم،14روزہ جوڈیشل ریمانڈ

پشاور (بیورو رپورٹ+ این این آئی) پشاور کی مقامی عدالت نے شمع سینما دستی بم حملوں میں ملوث ملزم کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر سنٹرل جیل بھیجنے کے احکامات جاری کردئیے ہیں 12فروری کو پشاور پجگی روڈ پر واقع شمع سینما میں دستی بم حملوں میں ملوث ملزم حسن عر ف اسرار جس کا تعلق درہ آدم خیل میں سرگرم کالعدم تنظیم جنگریز گروپ سے بتایا جاتا ہے کو سخت سکیورٹی میں جوڈیشل مجسٹریٹ محمد الیاس کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت لاتے وقت ملزم کے منہ کو کپڑے سے چھپایا گیا تھا۔ پیر کے روز ملزم حسن عرف اسرار نے عدالت میں پیش ہوکر اعتراف کیا کہ اس واردات میں اس کے ساتھ دیگر تین ساتھی بھی ملوث ہیں جن میں ایک نے بم تیار کئے تھے جبکہ دوسرا ساتھی اسے اور اس کے ایک اور ساتھی کو موٹر سائیکل پر شمع سنیما لایا تھا جہاں سے وہ واپس چلا گیا۔ ملزم نے بتایا کہ وہ اور اس کے دوسرے ساتھی نے ایک مرتبہ سنیما کے اندر داخل ہونے کی کوشش کی تاہم سخت سکیورٹی کے باعث وہ واپس چلے گئے اور دوسری مرتبہ انہوں نے تلاشی سے بچنے کیلئے دستی بموں کو سلوشن ٹیپ کے ذریعہ جسم کے ساتھ باندھ کر چھپایا اور سنیما کے اندر جاکر آخری سیٹوں پر بیٹھ گئے جہاں سے انہوں نے فلم بینوں کو دستی بموں کا نشانہ بنایا ملزم نے بتایا کہ اس واردات میں وہ اور اس کا دوسرا ساتھی بھی زخمی ہوا تھا تاہم دوسرا ساتھی معمولی زخمی تھا جو ابتدائی طبی امداد کے بعد ہسپتال سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ عدالت میں بیان ریکارڈ کرنے کے بعد ملزم کو 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا یاد رہے کہ ملزم حسن عرف اسرار نے پولیس تھانہ فقیر آباد کی حدود میں میں پیش آنے والے اس واردات کے حوالے سے پولیس کو بتایا تھاکہ اسے 8 ہزار روپے اس واردات کیلئے دئیے گئے تھے جس پر پولیس نے ملزم کے خلاف مختلف دفعات7اے ٹی اے،302،324اور427کے تحت مقدمہ درج کیا جبکہ ملزم کی نشاندہی خفیہ ایجنسیوں نے شمع سنیما میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعہ کی تھی جس کے بعد اسے لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور سے گرفتار کیا گیا ۔

ای پیپر-دی نیشن