ووٹوں کی پڑتال کے فیصلے کیخلاف درخواست، عمران کے وکیل کو پیشی کا آخری موقع
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہورہائی کورٹ نے حلقہ این اے 122 میں ووٹوں کے ریکارڈ کی دوبارہ پڑتال کرانے کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف درخواست پر عمران خان کے وکیل کو پیش ہونے کیلئے آخری موقع دیدیا۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مسٹر جسٹس عمر عطا بندیال نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی جانب سے دائر درخواست کی گزشتہ روز سماعت کی۔ عدالتی نوٹسز کے باوجود عمران خان کے وکیل احمد اویس پیش نہ ہوئے جس پر عدالت نے انہیں آخری موقع دیتے ہوئے قرار دیا کہ اگر آئندہ سماعت پر عمران خان کے وکیل پیش نہ ہوئے تو جرمانے کی سزا بھی دی جاسکتی ہے۔ درخواست گزار کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ الیکشن کمیشن نے عمران خان کی درخواست پر ریٹرننگ افسر کو ووٹوں کے ریکارڈ کی دوبارہ پڑتال کے احکامات جاری کئے جو غیر قانونی ہے اسلئے الیکشن کمشن کے فیصلے کو غیر قانونی قرار دیا جائے۔