• news

آواران: ڈپٹی کمشنر کی گاڑی پر فائرنگ، حملہ آور 3 لیویز اہلکاروں، 2 پولیو ورکرز کو لے گئے

کوئٹہ (این این آئی)آواران کے ڈپٹی کمشنر کی گاڑی پر فائرنگ حملہ اور تین لیویز اہلکاروں کو اپنے ہمراہ لے گئے۔ پیر کو ڈپٹی کمشنر آواران عبدالرشید ڈی ایچ او احمد شاہ کے ہمراہ پولیو مہم کا افتتاح کرنے کے بعد واپس آ رہے تھے آواران شہر سے دس کلومیٹر دور کلی کے مقام پر نامعلوم مسلح افراد نے انکی گاڑی پر فائرنگ کردی تاہم فائرنگ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا نامعلوم حملہ آؤر جاتے ہوئے 3 لیویز اہلکاروں اور 2 پولیو ورکرز اور محکمہ صحت کی گاڑی کو اپنے ہمراہ لے گئے۔ منگچرکے علاقے میں سڑک کے کنارے نصب بم دھماکے سے پھٹ گیا۔ جوہان میں نامعلوم مسلح افراد نے سڑک کے کنارے بم نصب کر رکھا تھا جس سے اردگرد کی دکانوں کے شوکیسوں کے شیشے ٹوٹ گئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ تربت کے علاقے میں سکیورٹی فورسز پر حملے کے بعد فرار ہونے والے حملہ آوروں کی تلاش کیلئے سکیورٹی فورسز کا آواران اور تربت کے قرب و جوار میں سرچ آپریشن جاری تفتیش کیلئے متعدد افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ مند میں ایف سی کی چیک پوسٹ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ، جوابی فائرنگ سے ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ضلع شیرانی کے علاقے کیف کے مقام سے ایف سی نے دو بارودی سرنگیں برآمد کر کے دہشت گردی کی کوشش ناکام بنا دی۔ پیر کے روز ایف سی نے دوران گشت کیف مقام کے علاقے سے دو بارودی سرنگیں برآمد کر لی۔ جو ملزمان نے دہشت گردی کے لئے رکھی ہوئی تھی مزید تحقیقات جاری ہے۔ آئی این پی کے مطابق بلوچستان کے علاقے تربت کے چاہ سر میں ایف سی کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں جاں بحق ہونے والے پانچ افراد کی شناخت کر لی گئی،لاشوں کو ورثاء کے حوالے کر دیا گیا۔ جاں بحق ہونے والے پانچ افراد کے نعشوں کی شناخت جنید ولد عیسیٰ ساکن زور بازار، موسیٰ ولد محمد بخش ساکن دشتی بازار، نوروز ولد باقر ، عقیل ولد مصطفی کوشقلات اور جہانزیب ولد شیران بلیدہ میناز کے ناموں سے کی گئیں نوروز اور عقیل کی نماز جنازہ کوشقلات کے قبرستان میں پیر کی صبح ادا کی گئی جبکہ موسیٰ محمد بخش کی نماز جنازہ ملک آباد کے قبرستان میں ادا کی گئی نماز جنازہ میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ بلوچ ری پبلکن پارٹی نے جاسر میں 5 نہتے بلوچوں کے قتل کے خلاف بدھ 26 فروری کو تربت میں پہیہ جام اور شٹر ڈائون ہڑتال کا اعلان کر دیا۔ اسلم کیازئی نے اپنے جاری کردہ بیان میں گزشتہ روز تربت کے علاقے جاسر میں تربت میں بدھ کو مکمل شٹر ڈائون اور پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے ٹرانسپورٹروں، تاجر برادری، شہریوں سمیت ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ ہڑتال کو کامیاب بنائیں۔

ای پیپر-دی نیشن