وزیراعظم آرمی چیف ایک پیج پر آ جائیں‘ آپریشن میں حکومت ساتھ نہ دے تو فوج ٹیک اوور کر لے : الطاف
لندن (نوائے وقت رپورٹ) متحدہ قومی مومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف اور آرمی چیف ملکی سلامتی کیلئے ایک پیج پر آجائیں، اگر حکومت فوج کیساتھ ایک پیج پر نہیں آتی تو فوج اقتدار سنبھال لے، میں آمریت کو پسند نہیں کررہا اور نہ ہی میں دعوت دے رہا ہوں، اگر کوئی کہے کہ میں آمریت کو دعوت دے رہا ہوں تو کوئی پروا نہیں ہے، میری ترجیح ہوگی کہ مذاکرات اور بات چیت سے ہی معاملات حل ہوجائیں، آمریت کا طعنہ دینے والوں کی پرواہ نہیں، انہوں نے حکومت کو تنبیہ کرتے ہوئے کہاکہ ملکی سلامتی کیلئے فوج اور حکومت ایک پیج پر آجائیں، آپریشن میں حکومت ساتھ نہیں دیتی فوج آگے بڑھے، پاکستان ہوگا تو جمہوریت ہوگی، ہمیں فیصلہ کرنا ہوگا کہ پاکستان کو بچانا ہے یا جمہوریت کو۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن کیلئے فوج آگے بڑھ کر ٹیک اوور کرلے، الطاف حسین نے مزید کہا کہ ریاست کی رٹ سب کو تسلیم کرنا ہوگی، آئین کو تسلیم اور ہتھیار ڈال کر مذاکرات کرنا ہونگے، بندوق کے ساتھ مذاکرات نہیں ہوسکتے، بندوق کے ساتھ مذاکرات کا حامی نہیں ہوں، طالبان کو ہتھیار پھینک کر مذاکرات کرنا ہونگے، طالبان اور پاکستان ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے، طالبان کی حمایت کرنا غیر اسلامی ہے، پاکستان اور طالبا ن کا اسلام الگ الگ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ طالبان کا اسلام مسلط کیا گیا تو پاکستان ٹوٹ جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہداء کا فنڈ قائم کرے، ایم کیو ایم بھی اس فنڈ میں اپنا حصہ ڈالے گی۔ دریں اثناء لاہور کے پنجاب ہائوس میں ایم کیو ایم کے ذمہ داران اور کارکنان سے ٹیلی فون پر خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہا کہ طالبان دہشت گردوں کی شریعت کل بھی نامنظور تھی آج بھی نامنظور ہے۔ طالبان کی کلاشنکوف بردار شریعت کسی قیمت پر قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کی وحدانیت، ختم نبوت اور قرآن مجید پر ہمارا کامل ایمان ہے۔ ایم کیو ایم نے کراچی میں یکجہتی ریلی منعقد کر کے طالبان کی دہشت کا خاتمہ کر دیا۔ پنجاب کے عوام پاکستان کی سلامتی و بقا اور ترقی و خوشحالی کیلئے کردار ادا کریں۔ عوام 9 مارچ کو لاہور میں روحانی اجتماع کو تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع ثابت کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں طالبان کے خوف اور دہشت کے باعث کوئی انکے خلاف بات کرنے کو تیار نہ تھا لیکن ایم کیو ایم نے خاموشی کے اس قفل کو توڑا اور کراچی میں فورسز سے یکجہتی کیلئے ریلی نکالی۔ انہوں نے کہاکہ مسلح افواج ، رینجرز، ایف سی اور پولیس کے افسران و اہلکاروں اور شہریوں کے گلے کاٹنے، معصوم بچیوں کوکوڑے مارنے، شادی کے موقع پر تالیاں بجانے کی پاداش میں انہیں قتل کرنے اور مساجد و امام بارگاہوں میں نمازیوں کو بم دھماکے کرکے قتل کرنے والے طالبان دہشت گرد، وحشی درندے ہیں، ان وحشی درندوں کی خودساختہ شریعت کو ماننے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ الطاف حسین نے صوبہ پنجاب بالخصوص ایم کیو ایم لاہور زون کے تمام ذمہ داران، کارکنان اور ہمدرد عوام سے اپیل کی کہ وہ 9، مارچ کو لاہور میں ایم کیو ایم کے تحت روحانی اجتماع کی کامیابی کیلئے بڑھ چڑھ کر محنت و لگن سے کام کریں اور پاکستان کی سلامتی وبقاء اور ترقی و خوشحالی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ علاوہ ازیں الطاف حسین نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم بزرگان دین اور صوفیائے کرام کے پیغام کو عام کرنے کیلئے 9مارچ کو لاہور میںصوفیاء کانفرنس منعقد کرے گی۔علاوہ ازیں علماء کونسل کے سربراہ حافظ طاہر اشرفی سے بات کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہا ہے کہ بین الاقوامی قوتیں مسلمانوں کو تقسیم اور تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہیں۔ طالبنائزیشن ملک کیلئے کینسر ہے۔ طالبنائزیشن کے خلاف پاکستانیوں کو متحد ہونا چاہئے۔ حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ افواج سے یکجہتی پر ریلی منعقد کرنے پر ایم کیو ایم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔