• news

لاہور بار کی پولیس کے خلاف ہڑتال‘ ریلی‘ جی پی او چوک میں دھرنا

لاہور (اپنے نامہ نگار سے) ممبر پنجاب بار کونسل کے گھر میں چھاپہ مارنے اور خواتین کے ساتھ ناروا سلوک کرنے پر لاہور بار  نے گزشتہ روز ہڑتال کرکے عدالتوں کا بائیکاٹ کیا جس سے سینکڑوں مقدمات کی سماعت نہ ہو سکی۔ سائلوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور پی ایم جی چوک تک احتجاجی ریلی نکال کر چوک میں دھرنا دیا۔ قبل ازیں ایوان عدل بار روم میں وکلاء کے جنرل ہائوس کا اجلاس ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے ممبر پنجاب بار کونسل غلام مرتضیٰ چودھری نے کہا  بابر وحید مسلم لیگ لائرزفورم کے صدر ہیں اور میں وزیراعلیٰ سے پوچھتا ہوں کہ وہ کہاں ہیں‘ وہ بڑھکیں تو بہت مارتے ہیں۔ ممبر پنجاب بار کونسل اشتیاق احمد خان نے کہا کہ چیف جسٹس کی غیرت‘ ازخود نوٹس کہاں ہیں۔  صدر لاہور بار چودھری اشتیاق نے کہا کہ  ڈیڑھ سالہ بچی سمیت ہماری بہن کو گھر سے اٹھانا ظلم ہے۔  سیکرٹری چودھری سلیم لادی، قسیم اسلم ہنجرا ، سینئر نائب صدر غلام عباس ساحر نے بھی وکلاء سے خطاب کیا۔دریں اثنا ممبر پنجاب بار کونسل چودھری بابر وحید کے مسئلہ پر ڈی ایس پی سمن آباد سرکل ایس ایچ او سمن آباد اور انچارج تفتیشی سنٹر سمن آباد  انسپکٹر عمررشید کیخلاف مقدمہ درج کرکے ایف آئی آر نمبر 119/14 کی کاپی عدالت میں پیش کر دی گئی۔ اس موقع پر وکلاء نے پولیس کے خلاف شیم شیم کے نعرے لگائے۔

ای پیپر-دی نیشن