• news

8 گھروں میں 59 لاکھ کے ڈاکے، کنگن پور میں مزاحمت پر فائرنگ، نوجوان جاں بحق

لاہور+ کنگن پور (نامہ نگار) صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں ڈاکوئوں اور چوروں نے وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات،موبائل فون، گاڑیاں ، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لی۔ ڈاکوؤں نے غازی آباد میںکامران اویس کے گھرگھس کر اہلخانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر 12لاکھ روپے مالیت ،کوٹ لکھپت میںہارون قیصر کے گھر سے10لاکھ روپے مالیت، ریس کورس میں نجم خان کے گھر سے8لاکھ روپے مالیت، نصیر آباد میں جمشید کے گھر سے ساڑھے7لاکھ روپے مالیت ، مزنگ میں نذیر احمد کے گھر سے7لاکھ روپے مالیت، لوئر مال میں دانیال کے گھر سے 6لاکھ روپے مالیت ،فیکٹری ایریا میں ابراہیم کے گھر سے5لاکھ روپے مالیت، جنوبی چھائونی میں محمود کے گھر سے4لاکھ روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات،موبائل فون اور دیگر سامان لوٹ لیا۔ ڈاکوئوں نے راوی روڈ میں ریاض کی فیملی سے گن پوائنٹ پر 5لاکھ روپے، شادباغ میں عنصر کی فیملی سے3لاکھ روپے مالیت، بھاٹی گیٹ میں ساجد کی فیملی سے3 لاکھ روپے مالیت ، شاہدرہ میں عارف کی فیملی سے2 لاکھ روپے مالیت ، ملت پارک میں ناصر کی فیملی سے ایک لاکھ روپے مالیت  کی نقدی، طلائی زیورات اورموبائل فون لوٹ لئے۔ مانگا منڈی میں اشفاق کی دکان میں گھس کر لاکھ روپے لوٹ لئے۔ ڈاکوؤں نے شہر کے مختلف علاقوں میں راہزنی کی وارداتوں میں 13شہریوں سے ہزاروں روپے نقدی اور موبائل فون لوٹ لئے۔ چوروں نے لوہاری گیٹ میں ذیشان کی دکان سے5لاکھ روپے مالیت جبکہ شیرا کوٹ میں یعقوب کی دکان سے3لاکھ روپے مالیت کا سامان چوری کرلیا۔ چوروں نے نواب ٹائون سے عمران، ڈیفنس سے وسیم ، فیصل ٹائون سے اشتیاق کی کاریں جبکہ نشتر کالونی سے ندیم، فیکٹری ایریا سے لطیف ،گلشن راوی سے شمشاد، سمن آباد سے ہاشم، یکی گیٹ سے آصف کی موٹر سائیکلیں چوری کرلیں۔ ادھر کنگن پور میں چار نامعلوم ڈاکوئوں نے فائرنگ کر کے نوجوان کو ہلاک کردیا۔ منڈی احمد آباد کا رہائشی نوجوان عمران انصاری اپنی بیوی کے ہمراہ اپنے سسرال شام کوٹ نو سے سر شام اپنے گھر واپس منڈی احمدآباد جا رہا تھا کہ جب وہ آرائیاں والا اور بقاپور کے درمیان باغ کے قریب پہنچا تو ناکہ لگائے ہوئے چار ڈاکوئوں نے گن پوائنٹ پر روک لیا۔ مزاحمت پر ڈاکوئوں نے اندھادھند فائرنگ کر دی جس سے عمران انصاری شدید زخمی ہونے کی وجہ سے موقع پر ہی ہلاک ہوگیا جبکہ اس کی بیوی معجزانہ طور پر محفوظ رہی۔ ڈاکو موقع سے فرار ہوگئے۔ اطلاع ملنے پر مقامی پولیس موقع پر پہنچ گئی، نعش کو قبضہ میں لے کر نامعلوم ڈاکوئو ں کے خلاف تفتیش شروع کر دی۔

ای پیپر-دی نیشن