عدالت کا اسلامی یونیورسٹی کے حق میں فیصلہ، تینوں طالبات کو ہاسٹل خالی کرنے کا حکم
اسلام آباد (این این آئی) ایڈیشنل سیشن عدالت نے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے ہاسٹل میں مقیم تین طالبات کو تین دن میں کمرا خالی کرنے کا حکم دیدیا۔ ایڈیشنل سیشن عدالت کے جج رفاقت اعوان نے یونیورسٹی انتظامیہ کی اپیل منظور کرتے ہوئے طالبات کی جانب سے حاصل کیا حکم امتناعی ختم کردیا۔ عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ تینوں طالبات 3 روز میں کمرہ خالی کرکے اس کی چابیاں ہاسٹل انتظامیہ کے حوالے کردیں جبکہ یونیورسٹی انتظامیہ طالبات کے سامان کی منتقلی کے دوران کوئی رکاوٹ نہ ڈالے۔ دوسری جانب طالبات کے وکیل نے عدالتی فیصلے پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اسے چیلنج کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ ثناء نیوز کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج رفاقت احمد اعوان نے یونیورسٹی انظامیہ کی طرف سے تین طالبات کو ہاسٹل سے اخراج کے فیصلے کو جائز اور موثر قرار دیدیا۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ یونیورسٹی خود مختار ادارہ ہے اوراس کی انتظامیہ کو اپنے اندرونی معاملات قواعدو ضوابط کے تحت چلانے کا مکمل اختیار ہے اوراس ضمن میں کسی عدالت کا دائرہ سماعت نہیں اور یونیورسٹی کے تمام اقدامات قانونی حیثیت رکھتے ہیں۔ عدالت نے طالبات کی طرف سے دائر تمام درخوستیں بھی خارج کر دیں۔