شہبازشریف کی صدارت میں پنجاب کابینہ کا اجلاس 3 گھنٹے سے زائد جاری رہا، اندرونی کہانی
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت پنجاب کابینہ کا اجلاس ساڑھے 3گھنٹے سے زائد جاری رہا۔ اجلاس کے دوران پہلے امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور اہم فیصلے کئے گئے۔ بعدازاں وزیراعلیٰ شہبازشریف کے کامیاب ترین دورہ چین کے حوالے سے بریفنگ دی گئی اور بڑے سرمایہ کاری پیکیج پر چینی قیادت، حکومت اور عوام سے اظہار تشکر کی قرارداد بھی منظور کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک اﷲ ،ایک رسولؐ اور ایک کتاب کو ماننے والے آج فرقوں میں بٹے ہوئے ہیں، تحمل اور برداشت کا مادہ معاشرے میں ختم ہوتا جا رہا ہے، ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ مل کر رواداری اور برداشت کے جذبات کو فروغ دیں اور معاشرے کو حقیقی معنوں میں فلاحی بنانے کے لئے کام کریں، اسلحہ کی نمائش پر پابندی کے قانون پر عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ میں نے گوجرانوالہ سیاسی جلوس میں اسلحہ کی نمائش اور فائرنگ کا سخت نوٹس لیا اور تمام ملزموں کو گرفتار کرایا،حکومت کو اسلحہ کی نمائش کرنے والے عناصر کا سختی سے سدباب کرنا ہوگا، دہشت گردی کے خلاف جنگ کے شہدا ء کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ ملک وقوم کا مستقبل محفوظ بنانے کے لئے اپنی جانیں نچھاور کرنے والے ہمارے سروں کے تاج ہیں اورپنجاب حکومت نے پولیس کے شہدا پیکیج کو 30لاکھ روپے سے بڑھا کر ایک کروڑ روپے کیا ہے۔ دورہ چین کا ذکر کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہاکہ ہمارا حالیہ دورہ چین میرے سیاسی کیریئر کا اہم ترین دورہ ہے۔وزیر قانون رانا ثناء اﷲ نے وزیراعلی کے دورہ چین کو ٹھنڈی ہوا کا جھونکا قرار دیتے ہوئے کہاکہ پوری قوم میں ایک امید کی کرن پید ا ہوئی ہے۔