• news

مذاکراتی کمیٹیوں کے بیک ڈور رابطے: طالبان کو تجاویز پہنچا دیں‘ مثبت جواب کی توقع ہے: مولانا یوسف

اسلام آباد (ثناء نیوز  + نوائے وقت رپورٹ) حکومتی اور طالبان کی مذاکراتی کمیٹیوں کے درمیان بیک ڈور رابطوں کا سلسلہ جاری ہے اور طالبان نے حکومت کی شرائط کا مثبت جواب دیا ہے۔ بظاہر حکومت اور طالبان کی کمیٹیوں کے درمیان مذاکرات تعطل کا شکار ہیں لیکن3 روز پہلے وزیر داخلہ چودھری نثار سے دونوں کمیٹیوں کی خفیہ ملاقات ہوئی ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق میٹنگ میں وزیر داخلہ کا اصرار تھا کہ طالبان جنگ بندی کا اعلان کریں اور دہشت گرد گروپوں سے ناطہ توڑیں۔ وزیر داخلہ کے اصرار پر طالبان کمیٹی نے دو روز کا وقت مانگتے ہوئے مثبت جواب کی یقین دہانی کرائی تھی۔ طالبان کی مذاکراتی کمیٹی کی جانب سے جو مثبت بیان آیا ہے، وہ بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے جس میں طالبان کی کمیٹی کے رکن مولانا یوسف شاہ نے کہا ہے کہ کمیٹی نے سیاسی شورٰی سے رابطہ کیا ہے جس میں مذاکرات جاری رکھنے کا اشارہ دیا گیا ہے تاہم اْنہوں نے حکومت سے ایک مطالبہ بھی کیا۔ مولانا یوسف شاہ نے یہ انکشاف بھی کیا کہ مولانا سمیع الحق کے عمرے سے واپسی پر مذاکرات میں بریک تھرو ہوگا۔ دریں اثنا  مولانا یوسف شاہ نے کہا مذاکرات کے لئے مرتب تجاویز  طالبان کی  سیاسی شوری  تک پہنچا دی ہیں اور امید ہے کہ بہت جلد طالبان  کا مثبت جواب  آئے گا۔  نوشہرہ  کے علاقے اکوڑہ  خٹک میں بات چیت کرتے ہوئے  مولانا یوسف نے کہا مذاکرات  کی کامیابی کے لئے جدوجہد  جاری رہے گی،  طالبان  اور حکومت کے مذاکرات  میں پیدا ہونے والے تعطل  ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتی کمیٹی اور طالبان کی  سیاسی شوری سے بات کی ہے۔  امید  ہے طالبان کا مثبت   جواب آئے  گا۔  یوسف شاہ نے کہا وہ زبان  بندی  اور جنگ بندی  کی کوشش کر رہے ہیں۔ کوآرڈینیٹر  کی حیثیت سے طالبان سے رابطے کی ذمہ داری  ان کی ہے، مولانا  سمیع الحق  نے طالبان سے رابطہ نہیں کیا۔  طالبان کی طرف جو بھی جواب  آئے گا قوم کو اس سے آگاہ کیا جائے  گا۔

ای پیپر-دی نیشن