حیرت ہے خورشید شاہ نے قومی سلامتی کا مسودہ پڑھے بغیر تبصرہ کیا: نثار ، دائمی ابہام کی شکار پارٹیوں کے قائد اسمبلی میں کچھ، فیس بک اور ٹوئیٹر پر کچھ کہتے ہیں
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار نے قومی اسمبلی میں خورشید شاہ کے بیان پر ردّعمل میں کہا ہے کہ جو دائمی کنفیوژن کا شکار ہوں ان کی کنفیوژن کوئی دور نہیں کر سکتا۔ حیران کن بات ہے کہ خورشید شاہ نے داخلی سلامتی پالیسی کا مسوّدہ پڑھے اور سمجھے بغیر ہی اس پر تبصرہ شروع کر دیا۔ اپنے بیان کے مطابق انہوں نے کہا کنفیوژن کا شکار وہ پارٹیاں ہیںجن کے لیڈر اسمبلی میں کچھ اور فیس بک اور ٹوئیٹرپر کچھ اور اعلانات کرتے پھرتے ہیں۔ جن کے دور میں ملک پر حملے ہوئے۔ ہزاروں لوگ دہشت گردی کا نشانہ بنے۔ ملک غیر محفوظ سے غیر محفوظ تر بنتا گیا اس کے ردّعمل میں انہوں نے چھینک تک نہیں ماری بلکہ ہر کارروائی کے بعد خاموشی اختیار کی۔ آج وہ کس منہ سے بلاجواز تنقید کر رہے ہیں۔ جن کے پاس کہنے کو کوئی ٹھوس بات نہ ہو وہ ایسی تقاریر پر اکتفا کرتے ہیں۔