ریلوے کو خسارے سے نکال کر منافع بخش ادارہ بنائیں گے: سعد رفیق
نارنگ منڈی (نامہ نگار) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے ریلوے کی بہتری کیلئے ہرممکن اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں، منسوخ کی گئی گاڑیوں کی بحالی کا مسئلہ بڑی سنجیدگی سے زیر غور ہے، اگلے ماہ مارچ میں لاہور نارووال سیکشن پر ایک ٹرین کو بحال کرنے کی پوری کوشش کریں گے۔ انہوں نے ڈیلی پسنجر ایسوسی ایشن ریلوے پاکستان کے مرکزی چیئرمین حافظ عبدالقیوم کی قیادت میں ملا قات کر نے والے وفد سے باتیں کرتے کہا مسلم لیگ (ن) کی حکومت ریلوے پر بھرپور توجہ دے رہی ہے، دراصل ریلوے زبر دست مالی بحران کا شکار ہے ہم اسے خسارے سے نکال کر منافع بخش قومی ادارہ بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔ پپپلز پارٹی کی حکومت نے ریلوے کو ایک صدی پیچھے کی طرف دھکیل دیا ہے، ہماری دن رات کوشش ہے ریلوے کو جلد ترقی کی شاہراہ پر لایا جائے اورعوام کو جلد از جلد سفری سہولیات بہم پہنچائی جائیں۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت تمام قومی اداروں کو اپنے پائوں پر کھڑا کر نے کیلئے بڑی سنجیدگی سے عمل پیرا ہے اور عوامی امنگوں پر پورا اترتے ہوئے عوا م کو جلد اچھا رزلٹ دیں گے ۔