• news

حج سکینڈل : ایف آئی اے گواہوں کے بیانات کی رپورٹ پیش کرے : عدالت

اسلام آباد(آئی این پی)  حج کرپشن سکینڈل میں عدالت  نے ایف آئی اے کو تمام گواہوں کے بیانات جلد  ریکارڈ کر کے  رپورٹ عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کر دی ‘ ایف آئی اے نے سابق ڈی جی رائو  شکیل کی تقرری میں اسماعیل قریشی کو بے گناہ  قرار دیدیا۔ بدھ کو سپیشل جج سنٹرل ارم نیازی  نے حج کرپشن کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت سابق وفاقی وزیر مذہبی امور حامد سعید کاظمی سمیت چار ملزمان عدالت میں پیش ہوئے ،جبکہ سابق سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ اسماعیل قریشی کی جانب سے ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دائر کی گئی ۔ایف آئی اے پراسیکیوٹر کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ کیس میں صرف چھ گواہوں کے بیانات ریکارڈ کرنا باقی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سابق ڈی جی رائو  شکیل کی تقرری میں اسماعیل قریشی بے گناہ ہیں۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت بارہ مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے ایف آئی اے کو ہدایت کی کہ تمام گواہوں کے بیانات جلد از جلد ریکارڈ کرکے رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے۔آئندہ سماعت پر سابق سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ اسماعیل قریشی کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر بحث ہوگی۔

ای پیپر-دی نیشن