• news

شاہ کوٹ میں 7 سالہ بچی، شیخوپورہ میں لڑکے کو زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا

شاہ کوٹ+ قصور+ شیخوپورہ+ فیصل آباد (نامہ نگاران+ نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار خصوصی) شاہ کوٹ میں 7 سالہ بچی، شیخوپورہ میں 12 سالہ لڑکے جبکہ قصور، فیصل آباد، چناب نگر اور گجرات میں 2 لڑکیوں، 6 خواتین کو زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق شاہ کوٹ، شیخوپورہ روڈ پر نواحی گائوں کوٹلہ کاہلواں کے قریب واقع ایک ٹیکسٹائل ملز میں ایک درندہ صفت نوجوان گل شیر نے ملز میں ملازم طاہر جاوید نامی شخص کی 7 سالہ بیٹی سحر کو زبردستی زیادتی کا نشانہ بنا دیا۔ طاہر جاوید کوٹلہ کاہلواں کے قریب ٹیکسٹائل ملز میں کام کرتا ہے، اس کی بیٹی ملز کے لان میں کھیل رہی تھی ملز میں ہی ملازم درندہ صفت گل شیر نے بچی کو دیکھ کر ورغلایا اور اپنے کوارٹر میں لے جا کر زبردستی زیادتی کر ڈالی۔ متاثرہ بچی کا والد طاہر جاوید اپنی بیٹی کو لے کر تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال شاہ کوٹ پہنچ گیا جہاں پر اس کا معائنہ تاحال جاری ہے اور پولیس تھانہ صدر ملزم کی گرفتاری کیلئے چھاپے مار رہی ہے۔ بڑھتے ہوئے زیادتی کے افسوسناک واقعات کے پیش نظر بچیوں کے والدین شدید ذہنی اذیت اور پریشانی کا شکار ہیں۔ اعلیٰ حکام کو چاہئے کہ زیادتی کے واقعات کے روک تھام کیلئے ملزمان کو کڑی سے کڑی سزا دلوائی جائے۔ قصور میں سٹی پھولنگر کے نواح جدہ ٹائون میں شراب کے نشہ میں دھت اوباش ملزم نے زبردستی گھر میں داخل ہو کر اسلحہ کی نو ک پر شادی شدہ خاتون کو بے آ برو کر دیا۔ مدعیہ نذراں بی بی نے پولیس تھانہ سٹی پھولنگر میں مقدمہ درج کرایا وہ گھر میں اکیلی موجود تھی ملزم اللہ دتہ نشہ میں دھت  آ تشی اسلحہ سے مسلح ہو کر زبردستی گھر میں داخل ہو گیا اور جان سے مار دینے کی دھمکی دیکر اسکے ساتھ زبردستی زیادتی کا ارتکاب کیا۔ اس دوران مکان سے ملحقہ کمرے میں سوئے ہوئے اس کے کزن راشد علی اور مسماۃ کرن یاسمین شور سن کر آ گئے جہاں ملزم نے دونوں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور ملزم جاتے وقت اس کے پرس سے15ہزار روپے کی رقم اور دو موبائل فون بھی چھین کر لے گیا۔ سٹی پھولنگر پولیس مصروف تفتیش ہے۔ فیصل آباد میں لڑکی کو گھر گھس کر جبکہ چار خواتین کو اغوا کے بعد مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ تھانہ ستیانہ کے علاقہ چک نمبر 433 گ۔ب کے جاوید اقبال کی جواں سالہ بھانجی(ر) اکیلی گھریلو کام کاج میں مصروف تھی ملزم سہیل نے زبردستی مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنا دیا۔ ٹھیکری والا 71ج۔ب کے بوٹا کی 18سالہ بیٹی(م) کو ملزمان مزمل وغیرہ چار افراد نے گھر سے اغوا کرکے مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنا دیا۔ لنڈیانوالہ چک نمبر570گ۔ب کے نذیر حسین کی شادی شدہ ہمشیرہ (م) کو ملزمان محمد اشرف وغیرہ نے گھر سے اغوا کے بعد زیادتی کا نشانہ بنایا۔ صدر چک نمبر215ر۔ب کے منیر احمد کی 16سالہ ہمشیرہ (ز) کو ملزمان علی وغیرہ نے اغوا کے بعد مبینہ زیادتی کا نشانہ بنایا جبکہ بٹالہ کالونی الہ آباد کے مشتاق علی کی بہن (س) کو ملزمان محمد ارشاد وغیرہ چار افراد نے اسے مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنا دیا۔ گجرات کے ٹانڈہ گاؤں موضع رندھیر کھوکھراں  میں شادی شدہ  شمسہ بی بی زوجہ زمان اسلم کو ایک گھر میں زبردستی جنسی زیادتی کا نشانہ  بنایا گیا۔ علاوہ ازیں  شیخوپورہ کے محلہ پیر بہارشاہ کے تین اوباش نوجوانوں نے اپنے ہی محلہ کے 12 سالہ  سلمان کو ورغلا پھسلا کر ہائوسنگ کالونی بائی پاس کے قریب واقع ایک شادی ہال کے عقب میں لیجا کر باری باری بدفعلی کا نشانہ بنا ڈالا۔ پولیس مصروف تفتیش ہے۔

ای پیپر-دی نیشن