2 خودکشیاں: والدین کی سرزنش پر نوجوان، شوہر سے جھگڑے پر خاتون کی خودکشی
گوجرانوالہ+ فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) والدین کی سرزنش سے دلبرداشتہ نوجوان نے زہریلی گولیاں کھا کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ ڈسکہ کے 18 سالہ ولید کو اس کے والدین نے بات نہ ماننے پر ڈانٹا تو نوجوان نے دلبرداشتہ ہو کر زندگی کا خاتمہ کرنے کیلئے زہریلی گولیاں کھا لیں جسے اس کے ورثاء نے حالت غیر ہو جانے کے باعث فوری طور پر طبی امداد کی فراہمی کیلئے ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیا جہاں پر ولید کچھ دیر زندگی و موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد دم توڑ گیا۔ فیصل آباد تھانہ روڈالہ روڈ کے علاقہ چک 283 گ۔ب روڈالہ روڈ کے رہائشی ضمیر شاہ کی گھریلو معاملات کی بنا پر اپنی اہلیہ شازیہ بی بی سے لڑائی جھگڑا ہوتا رہتا تھا جس سے دلبرداشتہ ہو کر شازیہ بی بی نے گارڈر سے پھندا لے کر موت کو گلے لگا لیا۔ چک 216 ر۔ب اڈا محمد والا جڑانوالہ روڈ کی 19 سالہ شاہین مسرت نے پسند کی شادی کی تھی۔ جلد ہی میاں بیوی میں لڑائی جھگڑا شروع ہو گیا جس سے دلبرداشتہ ہو کر اس نے خود پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا لی جس سے وہ بری طرح جھلس گئی۔