• news

ڈیرہ اسماعیل خان: ہیلی کاپٹروں کی شیلنگ‘ شدت پسندوں کے 3 ٹھکانے تباہ‘ متعدد جاں بحق

ڈیرہ اسماعیل خان (ثناء نیوز+ این این آئی) سکیورٹی فورسز کے گن شپ ہیلی کاپٹروں نے تحصیل کولاچی میں جنوبی وزیرستان سے ملحقہ پہاڑی سلسلے میں واقع شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر شیلنگ کرکے متعدد شدت  پسندوں کو  جاں بحق کر دیا۔ سکیورٹی فورسز کے 3 گن شپ ہیلی کاپٹرز نے ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کولاچی میں جنوبی وزیرستان سے متصل پہاڑی سلسلے میں موجود شدت پسندوں کے مشتبہ 3 ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ سکیورٹی حکام نے ہلاکتوں کی تصدیق نہیں کی۔ واضح رہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران فورسز کی جانب سے جنوبی وزیرستان، ہنگو اور خیبر ایجنسی میں بھی فضائی کارروائیاں کی گئی ہیں۔ بتایا گیا ہے یہاں موجود دہشت گرد روایتی راستوں اور گھاٹیوں میں بارودی سرنگیں بچھا کے کئی افراد کی جان لے چکے ہیں۔ مزید بتایا گیا ہے کہ گرائونڈ فورسز بھی ان علاقوں میں سرچ آپریشن کر رہی ہیں اور بارودی سرنگیں ہٹائے جانے کا کام جاری ہے۔ دہشت گردوں کے خلاف جاری کارروائیوں کے باعث نقل مکانی کا سلسلہ جاری ہے، بنوں میں کرائے کے مکانات کم پڑ گئے جس کے بعد نقل مکانی کرنے والوں نے سڑکوں پر ڈیرے ڈال لئے۔ نقل مکانی کرنے والوں میں طلباء بھی شامل ہیں جن کا کہنا ہے کہ آئندہ ماہ جماعت نہم اور دہم کے امتحانات ہونے والے ہیں اور متبادل انتظام نہ ہونے کی صورت میں ان کے امتحانات سے محروم ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ حکومت کی جانب سے متاثرین شمالی وزیرستان کیلئے رہائش گاہوں اور کھانے پینے کی اشیاء کا کوئی انتظام نہیں ہے ایک بزرگ اپنا حال بیان کرتے کرتے رو پڑے۔ 

ای پیپر-دی نیشن