انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ فائنل کل پاکستان، جنوبی افریقہ کے درمیان ہو گا
دبئی+ابوظہبی+شارجہ (سپورٹس ڈیسک) متحدہ عرب امارات میں جاری انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ کا فائنل کل پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا جائے گا۔ پوزیشن میچوں کے سلسلہ میں کھیلے گئے میچوں میں بھارت نے پانچویں، ویسٹ انڈیز نے چھٹی، افغانستان نے ساتویں، سری لنکا نے آٹھویں، بنگلہ دیش نے نویں، نیوزی لینڈ نے دسویں، زمبابوے نے گیارہویں اورمتحدہ عرب امارات نے بارہویں پوزیشن حاصل کر لی۔ بھارت نے ویسٹ انڈیز کو 46 رنز سے ہرایا۔ بھارت نے 8 وکٹوں پر 340 رنز بنائے۔ ویسٹ انڈین ٹیم 8 وکٹوں پر 294 رنز بنا سکی۔ افغانستان نے سری لنکا کو 5 وکٹوں سے ہرایا۔ سری لنکا نے 134 رنز بنائے۔ افغانستان نے ہدف 5 وکٹوں پر پورا کرلیا۔ بنگلہ دیش نے نیوزی لینڈ کو پلیٹ فائنل میں 77 رنز سے پچھاڑ دیا۔ بنگلہدیش نے 223 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم 146 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ زمبابوے نے متحدہ عرب امارات کو 84 رنز سے شکست دیدی۔ زمبابوے نے 205 رنز بنائے۔ متحدہ عرب امارات کی ٹیم 9 وکٹوں پر 121 رنز بنا سکی۔