ہندو برادری کے تمام تحفظات دور کئے جائیں: سپریم کورٹ
کراچی (نوائے وقت نیوز) اقلیتوں کے حقوق سے متعلق کیس کی سپریم کورٹ میں سماعت کی گئی جس کے دوران عدالت کا کہنا تھا کہ ہندو برادری کے تمام تحفظات دور کئے جائیں۔ عدالت نے اقلیتی ہندو برادری سے متعلق حکم جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندو جم خانہ کراچی سے متعلق سندھ ہائیکورٹ میں زیرسماعت درخواست کا فیصلہ ایک ماہ میں کیا جائے۔ سپریم کورٹ نے ٹنڈوآدم میں 110سال پرانے مندر امرپوردر سمادھی استھان کے راستوں میں رکاوٹیں ہٹانے کا بھی حکم دیا جبکہ مندر اور اس سے متصل سرکاری سکول کے راستے علیحدہ کرنے کی ہدایت کی۔ سپریم کورٹ نے نیٹی جیٹی پر لکشمی نارائن مندر سے متعلق درخواست پر ایڈووکیٹ جنرل سندھ سے 10دن میں جواب طلب کر لیا۔ ہندو برادری کی جانب سے عدالت میں ایک درخواست دائر کی گئی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ کراچی کے ہندو مرنے والوں کی استھیاں لکشمی نارائن مندر میں پوجا کے بعد بہاتے ہیں۔ کے پی ٹی پورٹ گرینڈ تقریبات اور سکیورٹی کے باعث ہندو برادری کو مندر آنے میں دشواری ہے جبکہ ہندو مرد اور خواتین لکشمی نارائن مندر میں اشنان کرتے ہیں تاہم پورٹ گرینڈ بن جانے کی وجہ سے مندر کا ایک حصہ کھل گیا ہے۔