پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ سمجھوتہ کے تحت تجارت کے قواعد میں تبدیلیاں
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ سمجھوتے کے تحت تجارت کے قواعد میں تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ اس سلسلے میں جاری نوٹیفکیشن کے مطابق روڈ پاس کی فوٹو کاپی قابل قبول نہیں ہو گی۔ ٹرانزٹ ٹریڈ کے لئے 9 روٹس کا تعین کر دیا گیا ہے جس کے تحت کراچی سے ڈی آئی خان پشاور طورخم‘ کراچی سے کوئٹہ اور چمن‘ کراچی سے ڈی آئی خان غلام خان‘ گوادر سے خضدار چمن‘ گوادر قلات چمن ہوں گے۔ افغانستان سے واہگہ کے راستے چیزیں بھارت جا سکیں گی۔ افغان ٹرکوں کو واہگہ تک رسائی دی جائے گی جبکہ واہگہ سے بھارتی ٹرک سامان لے کر جائیں گے۔ افغان ٹرک واپسی پر خالی جائیں گے۔ ٹرانزٹ ٹریڈ کے تحت اسلحہ‘ فوجی آلات کی اجازت نہیں ہو گی تاہم دونوں ممالک کے اتفاق رائے کے بعد اجازت دی جا سکے گی۔ مقررہ معیار کے اندر کلیئر نہ کرائی جانے والی اشیاء نیلام کی جا سکیں گی۔