امریکی گلوکارہ کیٹی پیریپر توہین مذہب کا الزام
نیویارک (بی بی سی) امریکی گلوکارہ کیٹی پیری کے گائے ’’ڈارک ہورس‘‘ کی ویڈیو ریلیز ہونے پر ان پر توہین مذہب کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ ویڈیو میں کیلی مصری ملکہ کے روپ میں ہیں جو اپنا ہاتھ مانگنے والوں کے ٹکڑے ٹکڑے کر دیتی ہے۔ کیٹی کے خلاف یہ الزام برطانیہ کے شہر بریڈفورڈ کے رہائشی شہزاد اقبال نے لگایا ہے۔ انہوں نے کیٹی کے خلاف آن لائن پٹیشن کا بھی آغاز کیا ہے۔ شہزاد اقبال کا اس پٹیشن میں کہنا ہے ویڈیو کے سوا ایک منٹ گزرنے کے بعد ایک مرد کو گلے میں ایک ہار پہنا ہوا ہے جس پر اللہ لکھا ہے۔ اس مرد کو وہ ہار پہنے ہوئے جلتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ اس ویڈیو میں صاف توہین مذہب ہوئی ہے کیونکہ اس میں کیٹی نے اس شخص کو جلایا ہے جس نے اللہ کے نام کا ہار پہن رکھا ہے۔ اس آن لائن پٹیشن کی حمایت برطانیہ ہی نے نہیں بلکہ دیگر ممالک سے بھی کی گئی ہے جن میں آسٹریلیا‘ ملائشیا‘ انڈونیشیا‘ مراکش‘ لبنان اور امریکہ شامل ہیں‘ تاہم دوسری جانب 60 ہزار افراد نے اس پٹیشن کے خلاف بھی لکھا ہے۔