افغانستان سے امریکی انخلا کے بعد القاعدہ دوبارہ سر اٹھا سکتی ہے، سربراہ امریکی کمانڈ
واشنگٹن (اے ایف پی) امریکہ کی سپیشل آپریشنز کمانڈ کے سربراہ ایڈمرل ولیم میک راون کا کہنا ہے کہ پاکستان میں القاعدہ کی مرکزی قیادت کمزور ہو چکی ہے مگر 2014ء کے بعد افغانستان سے امریکی فورسز کے انخلا کے بعد دہشت گرد نیٹ ورک دوبارہ سر اٹھا سکتا ہے۔ اسامہ بن لادن کو مارنے کیلئے کئے گئے امریکی نیوی کے آپریشن کی نگرانی کے حوالے سے معروف میک راون نے کہا افغانستان سے مکمل انخلاء کے باعث خطے میں القاعدہ کے دوبارہ منظم ہونے کے خطرے سے نمٹنا مشکل ہو جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ القاعدہ کے حوالے سے اس وقت کے پاکستان کے قبائلی علاقوں او افغانستان کے کنڑ اور نورستان کے صوبوں میں خطرہ موجود ہے۔