امریکہ نے فوجی طرز کی بندوق رکھنے کے الزام میں قید پاکستانی کو ملک بدر کر دیا
واشنگٹن (اے این این) امریکہ نے فوجی طرز کی بندوق رکھنے کے الزام میں قید پاکستانی شہری کو ملک بدر کر دیا،سید معاذ شاہ کو78ماہ کی قید کی سزا پوری کرنے کے بعد محکمہ امیگریشن اینڈ کسمٹز انفورسمنٹ نے تحویل میں رکھا ہوا تھا۔امریکی میڈیا کے مطابق امریکہ نے غیر قانونی طور پر فوجی طرز کی بندوق رکھنے کے الزام میں پانچ سال کی قید مکمل کرنے والے پاکستانی شہری کو امریکی حکام نے ملک بدر کر دیا ہے۔ایک سرکاری بیان کے مطابق 26 سالہ سید معاذ شاہ کو ہیوسٹن کی ایک عدالت نے ستمبر 2007 میں غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں 78 ماہ قید کی سزا سنائی تھی۔جولائی 2012 میں رہائی کے بعد اسے امریکہ کے محکمہ امیگریشن اینڈ کسمٹز انفورسمنٹ نے تحویل میں رکھا ہوا تھا۔حکام نے اسے الیگزنڈریا انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے کراچی جانے والی پرواز پر سوار کروا دیا۔