مشرف کے معاملے پر یو ٹرن نہیں رائٹ ٹرن لیا: شجاعت
لاہور(خصوصی رپورٹر) سابق وزیر اعظم اور ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ پرویز مشرف فوج کے سابق سپہ سالار ہیں ،غدار نہیں، انہیں آئین شکن کہا جائے۔ کراچی ایئر پورٹ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے چوہدری شجاعت کا کہنا تھا کہ انہوں نے مشرف کے معاملے پر یو ٹرن نہیں بلکہ رائٹ ٹرن لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ فوج کے سپاہی کو کون بتائے گا کہ آرٹیکل 6 کیا ہے؟ اگر فوج کے جرنیل پر غداری کا مقدمہ چلے گا تو سیاچن میں بیٹھا سپاہی سمجھے گا کہ اس کا جرنیل دشمن سے مل گیا ہے۔کراچی بد امنی کے سوال پر چوہدری شجاعت کا کہنا تھا کہ کراچی میں امن و امان کا مسئلہ سیاسی طور پر ٹھیک کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمشید دستی نے جو کہا یہ اس طرح کی باتیں کرنے کا وقت نہیں ہے۔