پنجاب بھر میں بارش، ژالہ باری موسم خوشگوار، سلسلہ جاری رہنے کا امکان
لاہور (نمائندگان) گذشتہ روز پنجاب بھر میں ہونیوالی بارش سے سردی کی لہر ایک بار پھر لوٹ آئی، کئی شہروں میں بارش کے ساتھ ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی۔ کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ گذشتہ روز ہونیوالی بارش کے فصلوں پر بہت اچھے اثرات مرتب ہونگے۔ کئی شہروں میں موسلادھار بارش سے نظام زندگی درہم برہم ہو گیا اور کیچڑ، سیوریج کے بند ہونے سے شہریوں کو انتہائی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ تفصیلات کے مطابق دلے والا اور علاقہ تھل میں دو رات سے مسلسل ہلکی پھلکی بارش سے سردی میں اضافہ ہو گیا۔ شام کے وقت موسم ابرآلود ہو جاتا ہے۔ رات کو بارش ہوتی ہے لیکن صبح بادلوں کا نام و نشان نہیں ہوتا۔ بارش سے موسم قدرے سرد ہو گیا ہے اور فصلوں پر نہایت اچھے اثرات مرتب ہونگے۔ خوشاب کے نواحی علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی جس سے ضلع بھر میں موسم انتہائی خوشگوار ہو گیا۔ پھلروان میں تیز ہوا چلنے اور بادلوں کے باعث سردی میں اضافہ ہو گیا، دن بھر بادلوں کے باوجود بارش نہ ہوئی دن بھر تیز ہوائیں چلتی رہیں۔ گجرات میں بارش کے باعث ظہور الٰہی سٹیڈیم میں صنعتی نمائش کے انتظامات دھرے کے دھرے رہ گئے۔ بارش کا پانی اور کیچڑ گرائونڈ میں جمع ہونے سے نمائش میں شرکت کے لئے آنے والی فیملیز، لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ سے لوگوں کی تعداد پہلے سے بھی خاصی کم ہو گئی جس کی وجہ سے نمائش اپنے مطلوبہ نتائج حاصل نہ کر سکی۔ سمبڑیال و مضافات میں صبح سے شروع ہونے والی بوندا باندی اور سرد ہوائوں کا سلسلہ سارا دن وقفے وقفے سے جاری رہنے سے موسم سرد اور خوشگوار ہو گیا، لوگوں نے گرم ملبوسات دوبارہ سے پہن لئے جبکہ کسانوں کا کہنا ہے کہ یہ بارش گندم کی فصل کے لئے انتہائی موزوں ہے۔ شکرگڑھ اور گردونواح دیہات میں بارش ژالہ باری سے اچانک سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ بارش کے ساتھ ساتھ ژالہ باری نے بدلتے موسم کو پھر سخت سردی میں تبدیل کر دیا۔ سردی کی شدت سے عوام کا کاروبار بھی معطل ہو کر رہ گیا ہے۔ پاکپتن میں بھی موسم سرما کی پہلی بارش سے شہر میں جل تھل ہو گئی۔ نگینہ، بجلی چوک، مچھلی چوک، جنرل بس سٹینڈ، پرانا ریلوے بازار سمیت شہر کی نشیبی علاقوں میں بارش کا پانی جمع ہونے سے شہریوں کو پیدل گھروں کو واپس لوٹنا بھی دشوار ہو گیا۔ بارش کے دوران مین سیوریج بند ہونے سے پانی سڑکوں اور گلیوں میں کئی گھنٹے جمع رہا۔ شہری ٹی ایم اے کی کارکردگی پر طرح طرح کے سوال اٹھاتے رہے۔ جنڈانوالہ اور دیگر علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی جس سے موسم میں ٹھنڈک کا احساس بڑھ گیا۔ بارش کے بعد گلیوں بازاروں میں کیچڑ جمع ہو گیا۔ نشیبی علاقوں میں بارش کا پانی جمع ہو گیا۔ بارش کے بعد دن بھر ٹھنڈی ہوا بھی چلتی رہی۔