• news

حکومت امریکہ سے ڈرون حملوں میں مرنیوالے پاکستانیوں کا تاوان طلب کرے: منور حسن

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سید منور حسن نے کہا ہے کہ یورپی یونین کی طرف سے ڈرون حملوں کی مذمت اور ان کا شکار ہونے والے معصوم انسانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی پاکستانی حکمرانوں کے لیے لمحہ فکریہ ہوناچاہیے، پاکستانی حکومتیں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاسوں میں پاس ہونے والی قراردادوں پر عملدرآمد نہ کراسکیں جس کی وجہ سے ہزاروں معصوم لوگ ڈرون حملوں کا نشانہ بنے۔ حکومت امریکہ سے ڈرون حملوں میں شہید ہونے والے پاکستانیوں کا تاوان طلب کرے اور عالمی برادری کو امریکی ظلم و بربریت سے آگاہ کرے، طالبان کے روپ میں بھارت اور سی آئی اے کے ایجنٹوں کو پکڑنا کس کا کام تھا؟سیکورٹی اداروں کواس کا بھی جواب دینا چاہیے، ایم کیو ایم مارشل لاء کی چھتری تلے پروان چڑھی ہے، اسی لیے الطاف حسین مارشل لا کو کھلم کھلا دعوت دے رہے ہیں، ان پر غداری کا مقدمہ قائم کرنا موجودہ حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی نومنتخب مرکزی مجلس شورٰی کے افتتاحی اجلاس سے خطاب اور سوالات کا جواب دیتے ہوئے کیا۔اجلاس سے سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین ڈاکٹر رخسانہ جبیں نے بھی خطاب کیا۔ منور حسن نے کہاکہ کراچی کے بارے میں چیف جسٹس کے ریمارکس کہ ’’کراچی پر مافیا اور دہشتگردوں نے قبضہ کر رکھا ہے‘‘چشم کشا اور ان لوگوں کے لیے وارننگ ہیں جو شمالی وزیرستان میں فوجی آپریشن کے لیے بے چین نظر آتے ہیں اور آپریشن کی مخالفت اور مذاکرات کا مطالبہ کرنے والوں کو سنگین الزامات سے نوازتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ کراچی میں آپریشن فیل ہو چکا ہے۔ قتل و غارت گری کا بازار اسی طرح گرم ہے جس طرح آپریشن سے پہلے تھا۔ 

ای پیپر-دی نیشن