خیبر ایجنسی : سکیورٹی فورسز سے جھڑپ‘ کمانڈر سمیت 3 شدت پسند جاں بحق‘ 3 اہلکار زخمی
خیبر ایجنسی (ثناء نیوز + آئی این پی+ آن لائن+ نوائے وقت نیوز) خیبر ایجنسی میں شدت پسندوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں تین شدت پسند جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ جھڑپ خیبر ایجنسی کے علاقے شلوبر میں اس وقت ہوئی جب سکیورٹی فورسز نے ایک مشکوک گاڑی کو روکنے کی کوشش کی، تو شدت پسندوں نے فائرنگ کر دی فورسز کی گاڑی پر جوابی فائرنگ میں شدت پسند مارے گئے زخمی تینوں شدت پسندوں کو سکیورٹی اہلکاروں نے حراست میں لے لیا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں 3 اہکار زخمی بھی ہوئے۔ سرکاری ذرائع نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب مقامی کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے شدت پسند گاڑی میں نوگزی بابا چیک پوسٹ سے گزر رہے تھے، تین شدت پسند حضرت ولی، کاشف اور راحید خان موقع پر ہی مارے گئے، جب کہ اہم جنگجو عبدالولی سمیت تین زخمی ہو گئے۔ آئی این پی کے مطابق مرنے والوں میں شدت پسند کمانڈر میمن آفریدی بھی شامل ہے۔ سکیورٹی فورسز نے علاقے کا گھیرائو کر کے سرچ آپریشن کیا جاں بحق ہونے والے کمانڈر کا تعلق لشکر اسلام سے بتایا گیا ہے۔ علاوہ ازیں ہنگو سے آن لائن کے مطابق گڑھی بازار میں قائم پٹوار خانے میں اہلکار حسب معمول کام میں مصروف تھے کہ اس دوران نامعلوم افراد پٹوار خانے میں داخل ہوکر اندھا دھند فائرنگ کردی جس جس کے نتیجے میں ایک پٹواری حسن رضا موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ مجتبیٰ شدید زخمی ہوگئے اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی بعد میں علاقے کے تمام پٹواریوں نے احتجاجاً کام چھوڑ کر پٹواری کی لاش کو سڑک پر رکھ کر شدید احتجاج کیا۔